لاہور(نمائندہ جسارت) اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے ڈاکٹرزگرینڈہیلتھ الائنس کے وفد نے چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی ہیلتھ ڈاکٹر محمد افضل کی سربراہی میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ وفد میں جی ایچ اے، پی ایم اے، وائے ڈی اے، وائے این اے، پیرا میڈیکل سٹاف اور نرسنگ سٹاف کے نمائندے شامل تھے۔ وفد نے پرویز الٰہی کے سامنے3 مطالبات پیش کیے جن کے مطابق بورڈ آف گورنر میں تبدیلی کر کے اہل افراد کو شامل کیا جائے، ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو مستقل ملازمت دی جائے اور ہسپتالوں میں پرائیویٹ پریکٹس کرنے سے قبل بیڈ، کمرے اور اسٹاف فراہم کیا جائے۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ میں کسی کو نوکری سے فارغ کرنے کے سخت خلاف ہوں، ہم روزگار دینے کے حامی ہیں چھیننے کے نہیں لہٰذا آپ اپنی ہڑتال کو ختم کر یں۔ انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ وہ ان کے مطالبات حکومت سے منظور کرانے کے لیے پورا زور لگائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرز اور عملے کو بہتر خدمت کے لیے دماغی سکون ملنا ضروری ہے۔