کراچی /حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر/نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی کے تحت آج بروز اتوار 13 اکتوبر کو سہ پہر تین بجے اسٹیشن روڈ حیدرآباد میں امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کی قیادت میں ’’کشمیر مارچ‘‘ ہوگا۔مارچ میں شہر بھر سے خواتین، بچے، جوان، بزرگ، علماء، وکلاء، ڈاکٹرز، انجینئرز ، اساتذہ، طلبہ، تاجروں اور مزدوروں سمیت تمام مکاتب فکر اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افرادبڑی تعداد میں شریک ہونگے۔ اس موقع پر مرکزی نائب امراء اسداللہ بھٹو، ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی،صوبائی امیر محمد حسین محنتی،جے آئی یوتھ کے مرکزی صدر زبیر احمد گوندل‘جماعت اسلامی حیدرآباد کے امیر حافظ طاہر مجیدودیگر ذمے داران بھی خطاب کریں گے۔ کشمیر مارچ حیدرآباد میں تیاریوں کو آخری شکل دی گئی ہے، مارچ کے راستے سمیت شہر بھر میں اس حوالے سے پوسٹر،پینا فلیکس اور بینر لگائے گئے ہیں جبکہ نوجوانوں نے مختلف علاقوں میں موٹر سائیکل ریلیاں بھی نکالی ہیں،مقامی امیر حافظ طاہر مجید نے عوام سے مارچ میں بھرپور شرکت کی اپیل کی ہے۔
کشمیر مارچ