اسلام آباد(صباح نیوز)سربراہ جمعیت علمائے اسلام( ف )مولانا فضل الرحمن نے پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر و قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمدشہباز شریف سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا ،پارٹی صدر سابق وزیر اعظم میاں نوازشریف کی طرف سے آزادی مارچ کی حمایت پر ان کا شکریہ ادا کیا، مشترکہ حکمت عملی کے ساتھ آزادی مارچ پایہ تکمیل تک پہنچانے پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ حکومت ہٹانے کے لیے 4 نکات پر مشتمل چارٹر آف ڈیمانڈ پر بھی گفتگو کی گئی۔ ذرائع نے دعویٰ کیاہے کہ آخری جمہوری آپشن کے طورپر حکومت گرانے کے لیے (ن)لیگ اسمبلیوں سے مستعفی ہونے کی تجویز سے متفق ہوگئی ہے۔ دونوں جماعتوں نے اس بات پر اتفاق کرلیا ہے کہ کسی سے چارٹر آف ڈیمانڈ سے ہٹ کر بات نہیں کی جائے گی جس میں سرفہرست حکومت کا خاتمہ، وزیراعظم کا استعفا اورفوری نئے انتخابات کے مطالبات سرفہرست ہیں۔ اپوزیشن جماعتوں نے یہ شرط بھی عاید کی ہے کہ نئے انتخابات بغیر فوج کی نگرانی و مداخلت کے ہوں۔ ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ حکومت گرانے اور نئے عام انتخابات کا مطالبہ تسلیم کرانے کے لیے نواز شریف کے خط میں بھی آخری جمہوری آپشن کی ہدایات شامل ہیں۔