علی مردان شاہ گروپ کی انتقامی کارروائیوں کا نوٹس لیا جائے، جان محمد

127

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) گوٹھ کپلور ضلع عمر کوٹ کے رہائشی افراد نے پیپلزپارٹی کے ایم پی اے علی مردان شاہ کیخلاف حیدر آباد پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ علی مردان شاہ کے کہنے پر محکمہ ریونیو عمر کوٹ اور مقامی پولیس نے سروے والی زمین پر حملہ کرکے فصل کو تباہ کردیا، عورتوں بچوں پر تشدد کیا اور جھوٹے مقدمات درج کیے۔ اس موقع پر سلیم، جان محمد، حسن ارباب اور دیگر نے بتایا کہ علی مردان شاہ گروپ نے ووٹ نہ دینے کی پاداش میں انتقامی کارروائیاں شروع کردی ہیں اور ان کے کہنے پر محکمہ ریونیو کے عملے سمیت پولیس ان کی پشت پناہی کررہی ہے۔ سروے والی زمین پر چڑھائی کرکے فصل کو تباہ اور خواتین وبچوں پر تشدد کیا۔ سہراب کے بیٹے مٹھو، اللہ داد، جمعہ پر جھوٹا مقدمہ درج کرا دیا۔ انہوں نے عدالت عظمیٰ، سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سمیت دیگر حکام سے مطالبہ کیا کہ پی پی کے ایم پی اے سید علی مردان شاہ کے ظلم وناانصافی کا فی الفور نوٹس لے کر ہمیں انصاف وتحفظ فراہم کیا جائے۔