پرویز مشرف کیخلاف عبدالرشید قتل کیس ختم کرنے کی اپیل خارج

155

اسلام آباد(آن لائن) اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف غازی عبدالرشید قتل کیس خارج کرنے کی درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے خارج کردی ہے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے پاکستان سوشل اینڈ ڈیموکریٹک پارٹی کی جانب سے پرویز مشرف کے خلاف مقدمہ کے اخراج کی درخواست پر سماعت کی۔اس موقع پر عدالت کی
جانب سے سرکاری وکیل سے استفسار کیا گیا کہ پرویز مشرف کے خلاف مقدمہ 2013 میں ہوا تھا، ابھی یہ معاملہ کس جگہ پر ہے۔ اس پر سرکاری وکیل نے بتایا کہ اس کیس کا چالان 2014 ء میں عدالت میں جمع ہوا۔ وکیل کے جواب پر عدالت نے پوچھا کہ مقدمے میں ٹرائل ابھی تک مکمل کیوں نہیں ہوا؟ پرویز مشرف عدالتی مفرور تو نہیں؟۔عدالت نے اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے درخواست گزار سے استفسار کیا کہ آپ کی پارٹی کا پرویز مشرف کے مقدمے سے کیا تعلق ہے؟۔ جس پر وکیل نے جواب دیا کہ پرویز مشرف سابق صدر رہے ہیں، ہم اس لیے یہاں آئے ہیں۔اس پر عدالت کے جج نے ریمارکس دیے کہ نہ تو آپ فریق ہیں اور نہ ہی مفرور ملزم پرویز مشرف عدالت میں موجود ہیں، لہٰذا اگر پرویز مشرف واپس آجائیں تو پھراس کیس کو آگے بڑھایا جاسکتا ہے۔ بعدازاں عدالت نے دلائل مکمل ہونے کے بعد درخواست کو ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کردیا۔
غازی قتل کیس