اسلام آباد (اے پی پی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ برطانیہ سمیت عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر کے لاکھوں معصوم انسانوں کو بھارتی استبداد سے نجات دلانے اور بلاجواز کرفیو کے فی الفور خاتمے کے لیے مؤثر کردار ادا کرنا ہوگا،شاہی جوڑے کے دورہ پاکستان سے دونوں ممالک کے مابین دیرینہ تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔یہ بات انہوں نے پاکستان میں برطانیہ کے ہائی کمشنر تھامس ڈریو سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنہوں نے جمعرات کو وزارت خارجہ میں ان سے ملاقات کی۔دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق ملاقات کے دوران مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں، برطانوی شاہی جوڑے کی پاکستان پر متوقع آمد و دیگر دو طرفہ باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ 5 اگست سے بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں کرفیو لگا کر 80 لاکھ بے گناہ کشمیریوں کو محصور کر رکھا ہے ۔مقبوضہ جموں و کشمیر میں بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں عروج پر ہیں۔برطانیہ سمیت عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر کے لاکھوں معصوم انسانوں کو بھارتی استبداد سے نجات دلانے اور بلاجواز کرفیو کے فی الفور خاتمے کے لیے مؤثر کردار ادا کرنا ہوگا۔ اس موقع پر فریقین نے مقبوضہ جموں و کشمیر سمیت خطے میں امن و امان کے لیے باہمی مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستانیوں کے دلوں میں برطانوی شاہی خاندان کی بہت تکریم ہے، برطانوی شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ مڈلٹن کی پاکستان آمد کے منتظر ہیں۔انہوں نے کہا کہ 2006 ء میں جب شہزادہ چارلس اور ڈچز آف کارنوال پاکستان آئے تو ان کا فقیدالمثال استقبال کیا گیا تھا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ شاہی جوڑے کی پاکستان آمد پر خصوصی انتظامات کیے جائیں گے۔شاہی جوڑے کے دورہ ء پاکستان سے دونوں ممالک کے مابین دیرینہ تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی وڈیو پیغام میں کہا کہ اربعین کے ویزے کے اجرا کا مسئلہ خوش اسلوبی سے طے پا گیا ہے،جو لوگ اربعین کے لیے عراق جانے کے خواہشمند ہیں اور انہوں نے ویزا کے لیے درخواستیں دے رکھی ہیں ان کو ویزے جاری کر دیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ میری عراق کے وزیر خارجہ محمد علی حاکم سے ٹیلیفون پر بات ہوئی ہے۔ عراقی حکومت اور وزارت خارجہ کا شکرگزار ہوں کہ انہوں نے ہماری درخواست کو قبول کیا۔