کراچی (اسٹاف رپورٹر) بینظیر بھٹو یونیورسٹی لیاری کی فیکلٹی آف کمپیوٹر سائنس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے طلبا کی جانب سے عالمی یوم اساتذہ کے موقع پر اساتذہ کے اعزاز میں ایک تقریب منعقد کی گئی۔ وائس چانسلر کی جانب سے اساتذہ کو اعزازی شیلڈز پیش کی گئیں۔تقریب کے مہمان خصوصی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹرا ختر بلوچ تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ استاد ایک باشعور معاشرے کی تشکیل میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے ،وہ طالب علموں کو صرف نصابی تعلیم کے زیور سے آراستہ نہیں کرتا بلکہ ان کی اخلاقی تربیت بھی کرتا ہے تاکہ معاشرے میں ایک مثالی فرد کا اضافہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایک وقت وہ تھا جب لوگ لیاری کو خوف کی علامت سمجھتے تھے اور یہاں آتے ہوئے ڈرتے تھے لیکن لیاری یونیورسٹی کے ماحول کو دیکھ کر ان کی رائے تبدیل ہو رہی ہے۔ لیاری کے لوگ مہمان نواز ہیں اور اساتذہ کا احترام کرتے ہیں، اس موقع پر فیکلٹی آف کمپیوٹر سائنس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ہیڈ مظہر علی اساتذہ کی اعزازی تقریب میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اساتذہ کو اعزاز دینے کا عالمی دن 1994 ء سے منایا جا رہا ہے جس کے ذریعے ہر سال اساتذہ کے احترام میں مختلف پروگرام کیے جاتے ہیں اور ہم بھی اپنے محترم اساتذہ کو اعزاز دینے کے لیے پروگرام کر رہے ہیں۔