آئی جی سندھ انٹر ڈسٹرکٹ ہاکی لیگ پولیس نے ڈسٹرکٹ سائوتھ کو 4-6 گول سے شکست دے دی

290

کراچی(اے پی پی) آئی جی سندھ انٹرڈسٹرکٹ ہاکی لیگ میں پولیس نے ڈسٹرکٹ سائوتھ کو 4-6 گول سے شکست دے دی۔ آئی جی سندھ انٹرڈسٹرکٹ ہاکی لیگ کے 7ویں روزسندھ پولیس نے ایک دلچسپ اور سنسنی خیز میچ میں ڈسٹرکٹ سائوتھ کو 4-6 گول سے شکست دے دی۔ کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے زیراہتمام سندھ پولیس اسپورٹس بورڈ کے تعاون سے اولمپین حنیف خان/ڈاکٹرجنیدعلی شاہ اسپورٹس کمپیلکس کراچی میں منعقد ہونے والی آئی جی سندھ انٹر ڈسٹرکٹ ہاکی لیگ کے 7ویں روزسندھ پولیس اور ڈسٹرکٹ سائوتھ کے مابین میچ کھیلا گیا جوکہ سندھ پولیس نے 4-6 گول سے جیت لیا۔ میچ کا آغاز جارحانہ کھیل سے ہوا، ڈسٹرکٹ سائوتھ کے کھلاڑی راجا مرتضی نے کھیل کے 11ویں منٹ میں فیلڈ گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلوائی۔ جوابی طور پر کھیل کے 12ویں منٹ میں سندھ پولیس کے کپتان حماد احمد نے گول کرکے برتری کا خاتمہ کرڈالا۔ سندھ پولیس کی جانب سے کھیل کے 14ویں منٹ میں نعمان صادق، 16ویں اور 17ویں منٹ میں کپتان حماد احمد اور صمد نے کھیل کے 26ویں منٹ میں گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کی برتری کو مظبوط بنایا۔ تیسرے کوارٹر میں ڈسٹرکٹ سائوتھ کی ٹیم انتہائی بے جگری سے کھیلی اور بہتر حکمت عملی اختیار کرتے ہوئے یکے بعد دیگرے 3 گول ا سکور کرنے میں کامیاب رہی۔ ڈسٹرکٹ سائوتھ کی جانب سے پینلٹی اسٹروک پر رضوان خان نے کھیل کے 38ویں اور42ویں منٹ میں گول کئے۔ چوتھے اور آخری کوارٹر میں دونوں ٹیموں کی جانب سے ایک دوسرے کے گول پوسٹ پر تابڑ توڑ حملے کئے گئے جس پر معزز مہمان خصوصی سمیت تمام حاضرین اور تماشائیوں نے خوب داد دی اور اپنی ٹیموں کا حوصلہ بڑھایا۔ میچ کے آخری لمحات میں پولیس ٹیم کی جانب سے چھٹا گول 56ویں منٹ میں علی نے فیلڈ گول کی مدد سے ا سکور کیا۔ سندھ پولیس کے کھلاڑی نعمان صادق شاندار کھیل کی بناء پر مین آف دی میچ قرار پائے۔ انہوں نے معزز مہمان خصوصی ایس پی صدرامجد حیات سے کیش ایوارڈ بھی وصول کیا۔ آج ڈسٹرکٹ ایسٹ اور ڈسٹرکٹ کورنگی کی ٹیمیں ایک دوسرے کے مد مقابل ہوں گی۔