فضل الرحمان کا آزادی مارچ اور دھرنا ہائیکورٹ میں چیلنج

131

اسلام آباد (خبر ایجنسیاں ) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ اور دھرنے کو ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ اور دھرنے کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کیا گیا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست شہری حافظ احتشام نے دائر کی۔درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ جے یو آئی (ف) کو آزادی مارچ اور دھرنا دینے سے روکا جائے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے دھرنے اور احتجاج کے لیے جگہ مختص کر رکھی ہے۔ درخواست میں سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری تعلیم، سربراہ جے یو آئی ایف مولانا فضل الرحمان، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد اور چیئرمین پیمرا کو فریق بنایا گیا۔یاد رہے کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے 27 اکتوبر کو آزادی مارچ کی کال دے رکھی ہے جس کے لیے تیاریاں کی جا رہی ہیں۔مولانا فضل الرحمان نے مارچ کی تیاریوں کا آغاز کر دیا ہے جس کے لیے کارکنوں اور عہدیداران کو اہم ذمہ داریاں بھی سونپ دی گئی ہیں۔ تجزیہ کاروں کے مطابق سربراہ جے یو آئی (ف) مولانا فضل الرحمان جڑواں شہروں سے کم از کم 50 ہزار لوگ نکالنے میں کامیاب ہو سکتے ہیں۔
آزادی مارچ چیلنج