نوابشاہ : ٹریفک کے مختلف حادثات میں 4 افراد جاں بحق، 15 زخمی

209

 

نوابشاہ (بیورورپورٹ) نوابشاہ کے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات میں 4 افراد جاں بحق 15 زخمی، قاضی احمد کے قریب 44 ہزار آئل ٹینکر کے الٹ جانے پر علاقے کو بھاری پولیس کی نفری نے گھیرے میں لے لیا، سندھ ہائی کورٹ کے احکامات کے نتیجے میں منشیات فروشوں کیخلاف کارروائیوں میں تیزی ایس ایس پی نے پولیس کا شہریوں کے ساتھ ناروا سلوک روا رکھنے کا نوٹس لے لیا۔ دوڑ کے قریب مہران ہائی وے فلائی اوور پر نوابشاہ سے پڈعیڈن جانے والی مسافر وین اور دریا خان مری سے حب چوکی جانے والی مسافر کوچ کے آمنے سامنے آجانے کے باعث حادثہ پیش آگیا۔ حادثے کے نتیجے میں ایک فرد ہلاک جبکہ 15 افراد شدید زخمی ہوگئے ہیں۔ زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے مقامی اسپتال میں داخل کروا دیا گیا۔ مرنے والے کی شناخت تاحال نہیں ہوسکی، جبکہ پولیس نے موقعہ پر پہنچ کر مسافر وین اور بس کو اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔ دوسرا حادثہ پڈعیدن آنے والی مسافر وین اور بس میں تصادم ہوا ہے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ مسافر کوچ بھریاروڈ سے نوابشاہ اور مسافر وین نوابشاہ سے پڈعیدن جارہی تھی۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمی عدنان بھٹو اللہ ڈنو وگن نوابشاہ اسپتال منتقل کیا گیا ہے جو زخموں کی تاب نہ لاکر ہلاک ہوگیا جبکہ باندھی کا رہائشی رب نواز ڈاھری جاں بحق ہوگیا۔ متوفی اللہ ڈنو وگن ایس ایچ او سلیمان وگن کے بڑے بھائی تھے۔ دوسرے حادثے میں قومی شاہراہ پر سکرنڈ اور قاضی احمد کے درمیان آئل ٹینکر الٹ گیا۔ موٹر وے پولیس کے مطابق آئل ٹینکر میں 44 ہزار لیٹر پیٹرول موجود ہے جو بہہ رہا ہے۔ آئل ٹینکر الٹنے کی اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری اور فائر بریگیڈ کا عملہ جائے حادثے پر پہنچ گیا۔ پولیس کے مطابق آئل ٹینکر کراچی سے پشاور جارہا تھا، حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ جبکہ حادثے کے بعد پولیس نے قومی شاہراہ کا ایک ٹریک بند کردیا۔ دوڑ پولیس نے منشیات فروشوں کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے منشیات برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا۔ ایس ایس پی تنویر حسین تنیو کی خصوصی ہدایت پر منشیات فروشوں کیخلاف کریک ڈائون کے دوران ایس ایچ او تھانہ دوڑ نے کارروائی کرکے ملزم علی اکبر کو گرفتار کرلیا۔ ملزم سے 3 کلو چرس برآمد کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا۔ ایس ایس پی تنویر حسین کا کہنا ہے کہ ضلع سے منشیات فروشوں کا خاتمہ اولین ترجیح ہے۔ ایس ایس پی تنویر حسین کی پولیس افسران و اہلکاروں کو دوران ڈیوٹی صبر اور تحمل کا مظاہرہ کرنے کی ہدایت کی۔ شہریوں سے بدسلوکی اور ان پر تشدد کے مرتکب اہلکاروں کیخلاف سخت ایکشن ہوگا۔ ایس ایس تنویر حسین تنیو نے کہا کہ شہری پولیس کی جانب سے تشدد یا زیادتی سے متعلق اطلاع ایس ایس پی آفس میں قائم کردہ ایس پی کمپلینٹ سیل پر دیں۔