اسلام آباد (صباح نیوز)پی ٹی آئی حکومت کیخلاف جے یو آئی (ف) کی جانب سے 27اکتوبر کو آزادی مارچ کے اعلان کے بعد وزرا نے سیاسی حمایت کے لیے دوڑ دھوپ شروع کردی۔اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر حکومت کے لیے دینی حمایت کے حصول کے سلسلے میں متحرک ہوگئے، اتوار کو جامعہ حقانیہ اکوڑہ خٹک کا اہم دورہ کیا اورجمعیت علما اسلام (س) کے سربراہ مولانا حامدالحق حقانی سے خصوصی ملاقات کی۔ اس موقع پر ملک کی تازہ سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اسپیکرنے واضح کیا ہے کہ کسی بھی قسم کا سیاسی انتشار ملک کو خطرے سے دوچار کرسکتا ہے۔مولانا حامد الحق حقانی نے اعلان کیا ہے کہ ملک میں اس وقت قومی اتحاد اور یگانگت برقرار رکھنے کی اشد ضرورت ہے اس معاملے میں حکومت کا بھرپورساتھ دیں گے ۔ مولانا حامدالحق حقانی نے کہا کہ ملک کسی بھی انتشار یا ڈی اسٹیبلائزیشن کے عمل کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر مولانا حامد الحق کے موقف کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کی اخلاقی و سیاسی حمایت میں ہر حد تک جائیں گے۔ بیان کے مطابق مولانا حامدالحق حقانی نے اسپیکر قومی اسمبلی کے حالیہ سیاسی کردار کی تعریف کی کہ انہوں نے پارلیمانی سفارتکاری کے ذریعے کشمیر کا مسئلہ بخوبی انداز سے اٹھایا۔ذرائع کے مطابق یہ دورہ دینی طبقہ کی حمایت کے حصول کیلیے تھا اور اس ضمن میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروادی گئی ہے ۔