اسلام آباد (صباح نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے سربراہ، قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق کے چیئرمین بلاول زرداری نے قائمہ کمیٹی کا اہم اجلاس آج طلب کر لیا، 11 نکاتی ایجنڈا جاری کر دیا گیا ہے۔ ایجنڈے کے مطابق کارروائی کے دوران سابقہ سفارشات پر عملدرآمد کا جائزہ لیا جائے گا۔ اسی طرح بچوں کے تحفظ سے متعلق، زینب الرٹ رسپانس اینڈ ریکوری بل 2019ء پر غور کیا جائے گا، عالمی دن کے حوالے سے بچوں کے حقوق کے تحفظ کے حوالے سے اظہار یکجہتی کیا جائے گا، اجلاس میں ایف آئی اے کی جانب سے کمیٹی کو صحافی شازیب جیلانی کے خلاف استغاثہ کے حوالے سے بریفنگ بھی دی جائے گی جبکہ سیکرٹری خارجہ کو مقبوضہ کشمیر کی موجودہ سنگین صورتحال سے حکومت پاکستان کے اقدامات پر بریفنگ کیلیے طلب کیا گیا ہے۔ قائمہ کمیٹی انسانی حقوق کے چیئرمین کی طرف سے صوبہ خیبر پختونخوا میں ان ایڈ آف سول پاورز آرڈیننس 2019ء کے نفاذ کا بھی ازخود نوٹس لیا گیا ہے اس آرڈیننس کے نتیجے میں صوبائی حکومت کے مقابلے میں سیکورٹی کے اداروں کے اختیارات بڑھ گئے ہیں۔ آرڈیننس کے حوالے سے صوبے میں بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ کا جائزہ لیا جائے گا۔