کراچی (اسٹاف رپورٹر)گورنر سندھ عمران اسماعیل سے پاکستان سکھ کونسل کے پیٹرن انچیف سردار رمیش سنگھ خالصہ کی قیادت میں 9 رکنی وفد نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں ایم این اے جے پرکاش اور ایم پی اے جمال صدیقی بھی موجود تھے،
گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتی برادری کو اپنی مذہبی رسومات ادا کرنے کی مکمل آزادی ہے جبکہ سکھ یاتریوں کے لئے کرتار پور کی مذہبی اہمیت کو مد نظر رکھتے ہوئے موجودہ حکومت نے کرتار پور راہداری کھولی،
گورنر سندھ نے سکھ یاتریوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کی بھی یقین دہانی۔ ملاقات میں ننکانہ صاحب میں یونیورسٹی کے قیام کے لئے اقدامات کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی۔ ملاقات میں سردار رمیش سنگھ خالصہ نے کہا کہ کرتار پور راہداری کھولنے کے اقدام کو پوری سکھ برادری قدر کی نگا سے دیکھتی ہے،
انہوں نے گورنر سندھ کو بتایا کہ بابا گرونانک دیو جی کی 550 ویں سالگرہ کے موقع پر مرکزی تقریب میں شرکت کے لئے 10 اکتوبر کو تقریباً 800 سکھ یاتریوں کو لے کر ٹرین کراچی سے ننکانہ صاحب روانہ ہوگی جبکہ 10 نومبر سے تین روزہ سکھ یاتریوں کا اجتماع کراچی میں منعقد کیا جائے گا، جس میں سندھ بھر سے 18000 سکھ یاتری شرکت کریں گے،
رمیش سنگھ خالصہ نے مزید بتایا کہ ننکانہ صاحب ریلوے اسٹیشن سے گرد وارا جنم استان سری ننکانہ صاحب تک یاتری عبادات کرتے ہوئے پیدل جائیں گے۔ پاکستان سکھ کونسل کے پیٹرن انچیف سردار رمیش سنگھ خالصہ نے گورنر سندھ کو 10 اکتوبر کو سکھ یاتریوں کو لے جانے والے ٹرین کی الوداعی تقریب میں شرکت کی بھی دعوت دی۔