کراچی (اسٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی نے مولانا فضل الرحمن کو بلیک میلر کہہ دیا۔ علی زیدی کہتے ہیں کہ وہ مولانا بھی نہیں، داڑھی رکھ لینے سے کوئی مولانا نہیں ہوجاتا، دھرنے کے نام پر وہ چندہ کرکے مال بنارہے ہیں۔ کراچی میں موہتا پیلس میں تقریب سے خطاب اور صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فضل الرحمن بتائیں وہ مولانا کہاں سے آگئے؟ داڑھی رکھ لینے سے کوئی مولانا نہیں ہوجاتا ایسے تو میں بھی داڑھی رکھ لوں اور پگڑ باندھ لوں تو کیا میں مفتی علی زیدی بن جائوں گا؟ اس کے بعد علامہ، مفتی اور شیخ الااسلام سب لگادیں میرے نام کے ساتھ۔ مولانا فضل الرحمن تو بلیک میلر ہیں، وہ ساڑے چار سال کشمیر کمیٹی کے چیئرمین رہے مگر انہوں نے کشمیر کے لیے کچھ نہیں کیا، اب کیا وہ کشمیر فتح کرنے کے لیے اسلام آباد آرہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب پر ان کا کہنا تھا کہ ماضی کی حکومت تو جیل میں ہے جنہوں نے صرف فیری سروس ہی نہیں50 ائرپورٹ بھی بنانے کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ زائرین کے لیے ایران فیری سروس شروع کرنا مشکل ہے، اس کے اخراجات بھی زیادہ آرہے ہیں ‘خلیج فارس کے حالات کی وجہ سے اس منصوبے پر بھی عمل ابھی ممکن نہیں ہے۔