راولپنڈی(اے پی پی)پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ سرکاری اور نجی شعبے میں ہم آہنگی کا معیشت پر مثبت اثر پڑرہا ہے۔ قومی سلامتی کا تعلق معیشت سے ہے اور ملک میں داخلی سکیورٹی کی صورتحال میں بہتری آئی ہے، سکیورٹی صورتحال میں بہتری کے اقتصادی سرگرمیوں پر مثبت اثرات مرتب ہوئے ہیں۔ وہ معیشت اور سکیورٹی کے باہمی اثر و نفوذ کے عنوان سے سیمینار سے خطاب کر رہے تھے ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید کی زیر میزبانی آرمی آڈیٹوریم میں معیشت اور سکیورٹی کے باہمی اثر و نفوذ کے عنوان سے سیمینار ہوا جس میں حکومت کی معاشی ٹیم اور ملک کے کاروباری رہنماؤں نے شرکت کی۔سمینار کا مقصد ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے تجاویز تیار کرنا تھا۔ ایسے مباحثوں کا مقصد تمام فریقین کو ایک پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے، اقتصادی ٹیم نے تاجر برادری کو حکومتی اقدامات سے آگاہ کیا۔جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ خوشحالی قومی سلامتی کی ضروریات پوری کرنے اور معاشی ترقی سے ہی آسکتی ہے۔آرمی چیف نے شرکاء کا شکریہ اداکیا ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سیمینار میں کاروباری برداری نے کاروبار میں آسانی کے حوالے سے اپنی سفارشات پیش کیں، کاروباری برداری نے حکومتی اصلاحات پر عملدرآمد میں تعاون کا یقین دلایا، کاروباری برادری نے ملکی ترقی میں ذمہ دارانہ کردار ادا کرنے کا بھی یقین دلایا۔