کراچی (اسٹا ف رپورٹر) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اندر کی بات یہ ہے کہ عمران خان 5 سال پورے کریںگے، اپوزیشن سے تمام معاملات طے ہوگئے ہیں، لانگ مارچ والوں کو ڈینگی ہو سکتا ہے، طے ہوچکا ہے کہ مولانا فضل الرحمن کوئی لانگ مارچ نہیں کریں گے، زرداری، نواز اور شہباز ہی نہیں پورا معاشرہ ہی چور ہے، ایم ایل ون انقلاب ہوگا، ریلوے کو 5 سال میں نہیں 3 سال میں خسارے سے نکال لیں گے، وردی ہمارے ساتھ اور ہم وردی کے ساتھ ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز کراچی میں این ایل سی ایکسپریس فریٹ ٹرین کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ شیخ رشید نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن لانگ نہیں مارچ نہیں کریں گے۔ سب کچھ طے ہوچکا ہے۔ فضل الرحمن کو اب کیا فکر ہے ان کا اصل کام تو عمران خان نے کردیا ہے۔ پاکستان بحران سے نکلنے جارہا ہے مگر اپوزیشن مایوسی پھیلانے کی کوششوں میں مصروف ہے۔ عمران خان کے دورِحکومت میں ہی بلٹ ٹرین چلائیں گے۔ اس سے قبل وفاقی وزیر نے واشنگ لائن کا افتتاح کیا اور مزدور کو فی کس 2 ہزار دینے کا اعلان بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم آج تک 15 فریٹ ٹرینیں چلا چکے ہیں۔ عمران خان چین جا رہے ہیں جہاں ایم ایل ون ٹریک کے پروجیکٹ پر دستخط ہوں گے۔ اس منصوبے کے تحت 7 گھنٹے میں مسافروں کو کراچی سے لاہور پہنچایا جائے گا۔ ہم نے ابھی تک کوئی چیز امپورٹ نہیں کی اور ایک لاکھ مسافر بڑھائے ہیں۔ ایم ایل ون سے ایک لاکھ لوگوں کو روزگار ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایم ایل ٹو بھی بنے گا جس سے ٹرینوں کی رفتار 250 کلو میٹر فی گھنٹہ ہو جائے گی۔ جمرود اور افغانستان تک کنٹینرز لے جائیں گے۔ وقت پر ریلوے بھی پاک فوج کے شانہ بشانہ چلے گی۔ شیخ رشید نے کہا کہ شہبازشریف نے زبردست بیان دیا کہ کشمیر کے معاملے پر قوم حکومت کے ساتھ ہے۔ بلاول بچہ ہے۔ عمران خان نے کشمیر پر امت مسلمہ کا کیس لڑا جو ریکارڈ کا حصہ ہے۔ افتتاح کے موقع پر ڈائریکٹرجنرل این ایل سی میجرجنرل عاصم اقبال نے کہا کہ فریٹ ٹرینیں سبی اور ہرنائی کے درمیان کئی دہائیوں کے بعد چلائی جائیں گی۔