پشاور (وقائع نگار خصوصی) نائب امیر جماعت اسلامی و ممبر صوبائی اسمبلی خیبرپختونخوا عنایت اللہ خان نے بینک آف خیبر کے منیجنگ ڈائریکٹر کی برطرفی اور ان کے جانب سے بینک میںکرپشن کے الزامات کے حوالے سے صوبائی اسمبلی سیکرٹریٹ میں تحریک التوا جمع کرادی ہے جس میں اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی سے استدعا کی ہے کہ ہر طرف ایم ڈی کی طرف سے غیر منتخب شخص کی جانب سے بینک میں مداخلت اور مبینہ کرپشن انتہائی سنجید ہ معاملہ ہے اس لیے معمول کی کارروائی روک کر اس پر بحث کی جائے ۔ عنایت اللہ خا ن نے ایک بیان میں کہا کہ میڈیا کے مطابق ایم ڈی خیبربینک نے نیب کو تمام دستاویزات فراہم کی ہے جس میں انہوںنے کہاکہ 2013ء سے پہلے بینک آف خیبر میں کرپشن ہوئی ہے اور اب راشد نامی شخص کرپشن او رغیر قانونی بھرتیوں میں ملوث ہے جس پر ایم ڈی خیبربینک کو سبکدوش کردیا گیا ۔ عنایت اللہ خان نے کہا کہ یہ بہت حساس معاملہ ہے کیونکہ خیبربینک صوبہ خیبرپختونخوا کا منافع بخش ادارہ بن چکا ہے جس کو یہ لوگ اپنے کرپشن اور اقرباپروری کی وجہ سے تباہ کرنے پر تلی ہوئی ہے ۔