وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم سےچھوٹے صوبوں میں احساس محرومی بڑھ رہا ہے،سراج الحق

483

امیرجماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ غریب اور پسماندہ علاقوں اور چھوٹے صوبوں میں وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم اور حکومتی رویے کی وجہ سے احساس محرومی بڑھ رہا ہے ۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ غربت ،بے روزگاری تعلیم اور صحت کی سہولتوں کی عدم دستیابی کی وجہ سے ان علاقوں میں اندر ہی اندر ایک لاوہ پک رہا ہے جو کسی وقت بھی آتش فشاں کی طرح پھٹ سکتا ہے،حکمرانوں کو اپنا رویہ درست کرنا ہوگا،طاقت اور اسلحہ کی بنا پر ملکی وحدت قائم نہیں رہ سکتی،اگراسلحہ کے بل بوتے پر ملک قائم اور متحدرہ سکتے تو ایٹم بم رکھنے کے باوجود روس کا شیرازہ نہ بکھرتا۔

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ حکومت غریب علاقوں کی تعمیر ترقی کی طرف کوئی توجہ نہیں دے رہی ۔ پسماندہ علاقوں کی ترقیاتی کام ہوتے ہیں نہ حکومت کے پاس ان علاقوں کی پسماندگی دور کرنے کا کوئی منصوبہ ہے ۔ملک کے دور دراز علاقوں میں اندھیروں کے ڈیرے ہیں ۔شمالی علاقے حکومت کی عدم توجہی کی وجہ سے بنیادی سہولیات سے بھی محروم ہیں ۔ان علاقوں میں تعلیم صحت اور روز گار کی سہولتیں ناپید ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گلگت شمالی علاقوں کی شہ رگ ہے مگر اس شہر کی تعمیر و ترقی کی طر ف کوئی توجہ نہیں دی گئی جس کی وجہ سے علاقے میں وفاق کے خلاف غم و غصہ اور نفرت کی فضا میں اضافہ ہورہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ طاقت کی بنا پر ملکی یکجہتی اوروحدت قائم نہیں رہتی ۔انہوں نے کہا کہ اسی رویے کی وجہ سے ملک ایک بار پہلے بھی دولخت ہوچکا ہے لیکن حکمرانوں نے اس سے کوئی سبق حاصل نہیں کیا۔