حالات میں بہتری سے اقتصادی سرگرمیوں پر مثبت اثرات مرتب ہورہے ہیں،آرمی چیف

293

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ امن و امان کی صورتحال میں بہتری سے اقتصادی سرگرمیوں پر مثبت اثرات مرتب ہورہے ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید کی زیر میزبانی میں آرمی آڈیٹوریم میں معیشت اور سیکیورٹی کے باہمی اثر و نفوذ کے عنوان سے سیمینار کا انعقاد ہوا جس میں حکومت کی معاشی ٹیم اور ملک کے کاروباری رہنماؤں نے شرکت کی۔

آرمی چیف نے کہا کہ ملک میں داخلی سلامتی کی صورتحال میں بہتری آئی ہے، صورتحال میں بہتری کے اقتصادی سرگرمیوں پر مثبت اثرات مرتب ہورہے ہیں جب کہ نجی اور سرکاری اداروں میں بڑھتے ہوئے  روابط مثبت اقدام ہیں۔

آئی ایس پی آرکے مطابق حکومت کی اقتصادی ٹیم نے تاجروں کو کاروبار میں آسانی کیلئے اقدامات سے آگاہ کیا۔ حکومتی ٹیم نے کہا کہ قومی معیشت میں استحکام کی کوششوں کے حوصلہ افزا نتائج آرہے ہیں۔

آئی ایس پی آرکے مطابق تاجروں نے کاروبار ی ماحول کو مزید بہتر بنانے کے لئے تجاویز شیئرکیں۔ تاجروں نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت سے اصلاحات کے نفاذ میں تعاون کریں گے، ٹیکس ادا اور سرمایہ کاری کرکے اپنا کردار ادا کریں گے۔