یو ایس ایڈ کے تعاون سے تیار کی گئی موبائل ایپ ‘  ہنر مند’ کا اجرا

555

 

 

اسلام آباد:نو جوان افراد کے لیے ملازمتوں کے مواقع قوم کے مستقبل میں سرمایہ کار ی ہے۔ ہنر مند کے نام سے لانچ کی گئی موبائل ایپ  ہنر مند افراد اور آجروں  کے درمیان رابطے کا کردار ادا کرے گی جس سے پاکستانی نوجوانوں کو ملازمتوں کے بہتر مواقع مہیا  ہوں گے۔  امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی(یوایس ایڈ)  کی مالی معاونت سے پنجاب یوتھ ورک فورس ڈیپارٹمنٹ اور  نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریینگ کمیشن کی شراکت سے  تیار اس موبائل ایپ  سے ہنر مند نوجوان ملازمتوں کے مواقعوں سے متعلق رہنمائی حاصل کر سکیں گے جبکہ آجروں کو  ہنرمند افرادی قوت   کی فراہمی سے کاروبار میں وسعت کا موقع ملے گا۔

اس موقع پر      یو ایس ایڈ کی مشن ڈائریکٹر جولی کوئنن نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ سرکاری اور نجی شعبے کے شراکت داروں بالخصوص این اے وی ٹی ٹی سی کا شکریہ ادا کرنا چاہیں گی جنہوں نے اس بات کو یقینی بنانے کے لئے معاونت فراہم کی کہ ہم پاکستانی نوجوانوں کو مواقع فراہم کریں تاکہ وہ اپنی زندگی کو بہتر بناسکیں، اپنے مقامی علاقوں کے لوگوں کی خدمت کرسکیں اور پاکستان کی ترقی میں کردار ادا کرسکیں۔

وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود نے اپنے خطاب میں کہا کہ نوجوانوں کو تکنیکی اور پیشہ ورانہ مہارتوں کی فراہمی اور انہیں ٹیکنالوجی کے ذریعے آجروں سے منسلک کرکے معاشی مواقع کی فراہمی کے ذریعے نوجوانوں کا خوشحال مستقبل یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔

یو ایس ایڈ تین سالہ پنجاب یوتھ ورک فورس ڈیولپمنٹ پراجیکٹ کے اس اور دیگر پروگراموں کے ذریعے پاکستان میں ۲۹ سال سے کم عمر کے نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع بڑھانے میں مدد کررہا ہے۔ اب تک اس منصوبے کے تحت جنوبی پنجاب کے چار اضلاع میں دس ہزار نوجوانوں کو تکنیکی اور پیشہ ورانہ مہارتیں فراہم کی جاچکی ہیں جن میں سے پینتالیس فیصد خواتین ہیں۔