اسلام آباد(اے پی پی)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ خارجہ محاذ پربہت سے چیلنجز کا سامنا ہے، ہمیں ان کا مقابلہ کرنے کے لیے بھرپور انداز میں تیاری کرنا ہو گی،اقتصادی
سفارتکاری ہماری اہم ترین ضرورت ہے،ہمیں معاشی خود انحصاری کے لیے اکنامک ڈپلومیسی کو بروئے کار لانا ہو گا، میرے نزدیک کام نہ کرنے والوں کی کوئی جگہ نہیں،واضح کرنا چاہتا ہوں ہمارے دور میں تعیناتیاں کارکردگی کی بنیاد پر ہوں گی۔ بدھ کو وزارت خارجہ کے افسران سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ میری ٹیم الحمد للہ بہت اچھی ہے اور میں انتہائی پرامید ہوں کہ یہ ٹیم پاکستان کی تعمیر و ترقی میں نمایاں کردار ادا کرے گی لیکن وقت بدل چکا ہے،تقاضے بدل چکے ہیں،سوشل میڈیا متحرک ہے، ہمیں باقی میڈیم کے ساتھ ساتھ اس پر بھی مزید فعال ہونے کی ضرورت ہے۔ علاو ہ ا زیں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نیبدھ کو وزیراعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر قائم کیے گئے ’’کشمیر سیل‘‘ کے چوتھے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے شرکاء کو وزیراعظم عمران خان کے حالیہ دورہ امریکا، اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے 74ویں اجلاس کے موقع پر مختلف ممالک کے سربراہان مملکت اور انسانی حقوق پر کام کرنے والی عالمی تنظیموں کے ساتھ ہونے والی میٹنگز کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے اجلاس میں جس طرح نہتے کشمیریوں کا مقدمہ پیش کیا وہ اپنی مثال آپ ہے، آج بھارت کے سفاکانہ طرز عمل کے خلاف دنیا بھر سے آوازیں اٹھ رہی ہیں۔
شاہ محمود قریشی