مودی برہمن سامراج کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوں گے،سراج الحق

224

میرجماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کا کہنا ہے کہ  مودی برہمن سامراج کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوں گے۔

جماعت اسلامی گلگت بلتستان کے زیر اہتمام کشمیر بچاؤمارچ کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہندوستان انسانی حقوق کی پامالیوں اوردنیا کےامن کیلئے خطرہ ہے۔ او آئی سی کے رکن ممالک کی ذمہ داری ہے کہ وہ بھارت کا سیاسی اور معاشی بائیکاٹ کریں تا کہ ہندوستان پر دباؤ بڑھے اور وہ کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت دے۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ میں محض ایک تقریر سے مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوگا، پاکستان کی شہ رگ کو بچانے کے لیے عملی اقدامات کرنے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سلامتی کونسل میں قرارداد منظور کروا کر ہندوستان کے خلاف کارروائی کروائے۔

سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ 15لاکھ ہندوستانی قابض فوج کے محاصرے میں کشمیری بچیاں کسی محمد بن قاسم کی منتظر ہیں، حکومت 80 لاکھ کشمیریوں کو بچانے کے لیے قدم بڑھائے پوری قوم شانہ بشانہ ہے۔

امیر جماعت نے کہا کہ کشمیری عوام گزشتہ 2 ماہ سے محاصرے میں زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا ہیں ادویات،خوراک،دودھ سمیت تمام اشیاءناپید ہوچکی ہیں قابض بھارتی افواج نوجوانوں کو اٹھا کر غائب کررہی ہے۔ ہندوستانی فوج جنگی جرائم میں ملوث ہے، لیکن عالمی برادری کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے۔