انکوائری کمیشن نے پشاور بی آر ٹی قرضے کی تحقیقات شروع کردیں

109

اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم عمران خان کی جانب سے قائم انکوائری کمیشن نے پشاور بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی)قرضے کی تحقیقات شروع کردیں۔ کمیشن نے خیبرپختونخوا حکومت سے بسوں اور تعمیراتی کام کے پی سی ون کے مطابق لاگت اور منصوبے کی لاگت کے تخمینے میں ردوبدل اور تاخیر سے متعلق رپورٹ مانگ لی ہے۔ بی آر ٹی منصوبے میں انتظامی اور تکنیکی تاخیر کی وجوہات ، منصوبے کے مکمل ہونے کی ممکنہ مدت اور لاگت سے بھی آگاہ کیا جائے۔ منصوبے کا ملک اور بیرون ملک منصوبوں سے موازنہ کیا جائے، قرضوں کی ادائیگی کا شیڈول بھی بتایا جائے۔انکوائری کمیشن برائے قرضہ نے ٹرانس پشاور کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) فیاض احمد کو کل3اکتوبر کو انکوائری کمیشن کے سامنے ریکارڈ پیش کرنے کے لیے خط لکھا ہے۔فیاض احمد کا کہنا تھا کہ کمیشن کومعلومات فراہم کردی ہیں، منصوبے سے متعلق ٹھیکیداروں نے معاہدے کر رکھے ہیں، سول ورک مکمل ہونے کا انتظار ہے اور مکمل ہوتے ہی اپنا کام شروع کردیں گے۔ اس حوالے سے ڈائریکٹرجنرل پشاور ڈیولپمنٹ اتھارٹی انجینئر محمد عزیر نے انکوائری کمیشن کی جانب سے دستاویزات طلب کرنے کی تصدیق کی۔ خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے انکوائری کمیشن قرضوں کی تحقیقات کے لیے بنایا گیا ہے جو 2008 سے 2018 تک ملکی قرضوں کے حوالے سے تحقیقات کرے گا۔