قائداعظم ٹرافی سلمان بٹ کی بگٹی اسٹیڈیم کوئٹہ میں شاندار ڈبل سنچری

283

کراچی (اسٹاف رپورٹر)بگٹی اسٹیڈیم کوئٹہ میں میچ میں سنٹرل پنجاب نے سلمان بٹ کی شاندار ڈبل سنچری کی بدولت 521 رنز پر پہلی اننگز ڈکلیئر کردی۔ جواب میں بلوچستان کی ٹیم شدید مشکلات کا شکار ہے۔اس سے قبل سنٹرل پنجاب کے اوپنر سلمان بٹ اور آل راؤنڈر ظفر گوہر نے میچ کے دوسرے روز کھیل کا آغاز کیا تو سلمان بٹ 152 اور ظفر گوہر 11 رنز بنا کر کریز پر موجود تھے۔ گزشتہ روز دونوں کھلاڑیوں نے قدرے تیز کھیل کا مظاہرہ کیا اور بلوچستان کے بولرز کوآڑے ہاتھوں لیا۔دونوں بلے بازوںکے درمیان205 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ سلمان بٹ نے لنچ سے قبل ڈبل سنچری مکمل کرلی۔ وہ 237 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ 376 گیندوں کا سامنا کرنے والے اوپنر کی اننگز میں33 چوکے شامل تھے۔سلمان بٹ کے آؤٹ ہونے کے بعد ظفر گوہر نے مزاحمت جاری رکھی۔ انہوں نے 14 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 100 رنز اسکور کئے۔ظفر گوہر کے سنچری اسکور کرتے ہی کپتان اظہر علی نے اننگز ڈکلیئر کرنے کا اعلان کردیا۔ مہمان ٹیم نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 521 رنز بنا کر پہلی اننگز ڈکلیئر کی۔بلوچستان کی جانب سے یاسر شاہ نے 3 جبکہ عماد بٹ، عمر گل اور خرم شہزاد نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ جواب میں بلوچستان کی ٹیم اپنے ہوم کراؤڈ کے سامنے اننگز آغاز میں ہی لڑکھڑا گئی اور اس کی پہلی وکٹ23 اسکور پر گرگئی۔ گذشتہ میچ میں شاندار سنچری اسکور کرنے والے اوپنر عظیم گھمن 7 رنز بنا کر وقاص مقصود کا شکار بنے۔ سنٹرل پنجاب کے فاسٹ بولرزمیزبان ٹیم کے لیے مشکلات کھڑی کرتے رہے اور دن کے اختتام پر بلوچستان کی آدھی ٹیم کو پویلین واپس پہنچا چکے ہیں۔عمران بٹ 33، ابوبکر 14، کپتان عمران فرحت 15 اور شہباز خان بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے۔ سنٹرل پنجاب کی جانب سینسیم شاہ نے 2 جبکہ احسان عادل، وقاص مقصود اور محمد سعد نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ بسمعہ اللہ خان 23 اور حسین طلعت 21 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔دونوں کے درمیان 42 رنز کی شراکت قائم ہوچکی ہے۔ میچ کے تیسرے روز بلوچستان کی ٹیم 119 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ سے اننگز کا آغاز کرے گی۔ایبٹ آباد کرکٹ اسٹیڈیم میں خیبرپختونخوا اور سدرن پنجاب کے درمیان میچ کا دوسرا روز بھی بارش سے متاثر ہوا۔ خراب موسم کے باعث دن میں محض15.1 اوورز کا کھیل ہی ممکن ہوسکا۔ میزبان ٹیم کے کپتان صاحبزادہ فرحان نے اسرار اللہ کے ہمراہ 126 رنز بغیر کسی نقصان سے دوسرے روز کھیل کا آغاز کیا تو وہ اانفرادی اسکور میں 15 رنز کا ہی اضافہ کرسکے۔ خیبرپختونخوا کی پہلی وکٹ 167 رنز پر گری جب صاحبزادہ فرحان 78 رنز بنا کر بلاول بھٹی کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ 52 رنز سے میچ کے دوسرے روز اپنی بیٹنگ کا آغاز کرنے والے میزبان ٹیم کے دوسرے اوپنر اسرار اللہ نے 77 رنز بنائے تھے کہ وقفے وقفے سے ہونے والی بارش کے بعد امپائرز نے مقررہ وقت سے ایک گھنٹہ قبل ہی دوسرے دن کا کھیل ختم کرنے کا اعلان کردیا۔ خیبرپختونخوا نے 48 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 174 رنز بنائے ہیں۔ اشفاق احمد 7 رنز بنا کر اسرار اللہ کے ہمراہ کریز پر موجود ہیں۔ اس سے قبل میچ کے پہلے روزبھی بارش کے باعث صرف 32.5 اوورز کا کھیل ہی ممکن ہوسکاتھا۔دوسری جانب شہر میں رات ہونے والی بارش کے باوجود کے آر ایل اسٹیڈیم راولپنڈی میں میچ کا دوسرا روز مقررہ وقت پر شروع کیا گیاتاہم خراب موسم کے باعث مقررہ اوورز کا کوٹہ مکمل نہ کیا جاسکا۔کھیل کے دوسرے روزصرف 61.4 اوورز کا کھیل ہی ممکن ہوسکا۔روحیل نذیراورحماد اعظم کی نصف سنچریوں کے ساتھ ساتھ خراب موسم نے ناردرن کرکٹ ٹیم کی مشکلات کم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ میزبان ٹیم نے 86 رنز 3 وکٹوں کے نقصان سے کھیل کے دوسرے روز کا آغاز کیا تو وکٹ کیپر بیٹسمین روحیل نذیر 17 اور علی سرفراز 3 اسکور کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔ دوسرے روزعلی سرفراز ٹیم کے اسکور میں 20 رنز کا اضافہ کرنے کے بعد آؤٹ ہوگئے۔ انہوں نے 11 رنز بنائے۔روحیل نذیر نے عمر وحید کے ہمراہ قدرے مثبت کھیل کا مظاہرہ کیا تاہم وہ بھی 163 کے مجموعی اسکور پر ہمت ہار گئے۔ وکٹ کیپر بیٹسمین نے120 گیندوں پر 12 چوکوں کی مدد سے 67 رنز بنا ئے۔ناردرن کی جانب سے میدان میں آنے والے 7ویں بیٹسمین تجربہ کارحماد اعظم نے لوئر آرڈر کے ساتھ مل کر اسکور کو بڑھانے کا سلسلہ شروع کیااور ٹیم کے لیے قیمتی 58 رنز اسکور کیے۔ انہوں نے محتاط کھیل کا مظاہرہ کیا اور 105 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی۔ دن کے اختتام پر ناردرن کرکٹ ٹیم نے101.4 اوورز میں9وکٹوں کے نقصان پر 271 رنز بنالیے ہیں۔نعمان علی 21 اور حارث رؤف بغیر کوئی اسکور بنائے تیسرے روز کھیل کا دوبارہ آغاز کریں گے۔ سندھ کی جانب سے کاشف بھٹی نے 3 جبکہ تابش خان اور سہیل خان نے 2،2 اور میر حمزہ نے 1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔