اسلام آباد(آن لائن)سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں بہتر سہولیات حاصل کرنے کے لیے احتساب عدالت میں درخواست دائر کردی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق مذکورہ درخواست پر احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے جیل سپرنٹڈنٹ سے 30 ستمبر تک کے لیے جواب طلب کرلیا۔شاہد خاقان عباسی کی جانب سے سہولیات کے حصول کے لیے درخواست ان کی بہن بیرسٹر سعودیہ عباسی نے درخواست دائر کی۔ وکیل نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ شاہد خاقان عباسی کو 1999ء میں ملیر جیل میں قید کے دوران بھی بہتر کلاس دی گئی تھی۔ بیرسٹر سعدیہ عباسی کا کہنا تھا کہ جیل انتظامیہ شاہد خاقان عباسی سے قریبی عزیزوں کو بھی ملاقات کرنے نہیں دے رہی۔ اپنی درخواست میں ان کی وکیل عدالت سے درخواست کی کہ 13 افراد کو سابق وزیراعظم سے جیل میں ملاقات کی اجازت دی جائے۔انہوں نے عدالت کو بتایا کہ سابق وزیراعظم کو کچھ صحت کے مسائل لاحق ہیں اس لیے انہیں پرہیزی کھانے کے ساتھ ساتھ ایئر کنڈیشنر، ریفرجریٹر، ٹیلی ویڑن، اخبارات، بستر، کتابوں، ٹوسٹر اور اوون کی سہولت فراہم کی جائے۔ جیل ذرائع کا کہنا تھا کہ انتظامیہ نے وزارت داخلہ سے سابق وزیراعظم کو بی کلاس فراہم کرنے کی اجازت طلب کی ہے تاہم محکمہ داخلہ کی جانب سے اب تک جواب نہ موصول ہونے کی وجہ سے انہیں جیل میں بی کلاس نہیں دی گئی۔
شاہد خاقان