فیصل آباد (اے پی پی) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما سابق وزیر خزانہ اور چیئرمین فنانس کمیٹی برائے خزانہ اسد عمر نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے جنرل اسمبلی میں اپنے تاریخ ساز خطاب میں نہ صرف پاکستان اور مقبوضہ کشمیر بلکہ پوری دنیا کے مسلمانوں کا مقدمہ لڑا ہے، اقوام متحدہ کے عالمی ایوان میں پہلی بار بین الااقوامی سطح پر جس دو ٹوک، سخت دلائل اور بھر پور انداز میں آواز اٹھائی گئی ہے اس سے قبل اس کی کوئی مثال نہیں ملتی۔ ہفتے کو فیصل آبادمیں میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا
کہ عمران خان نے جس انداز میں کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی، بھارتی سفاکیت، ہندوئوںکی جنونیت کا پردہ چاک کیا ہے اس نے عالم اقوام کو یہ سوچنے پر مجبور کردیا ہے کہ اب مسئلہ کشمیر کے حل کے سوا کوئی چارہ نہیں۔ عمران خان نے مغرب کے دہرے میعارکی بھی حقیقی تصویر کشی کی۔ خطاب میں جہاں کشمیر میں ہونے والے مظالم اور مودی کی سفاکی کا پردہ چاک کیا گیا وہیں مغرب کو یہ آئینہ بھی دکھایا گیا ہے کہ کشمیر سمیت پوری دنیا بھر کے مسلمانوں کے ساتھ کیا سلوک روا رکھا جارہا ہے اور اس پر اقوام عالم کی خاموشی کس جانب اشارہ کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے با وقار انداز میں دنیا کو بتا دیا ہے کہ اب گوروں کے سامنے ماضی کی طرح معذرت خواہانہ رویہ اختیار نہیں کیا جائے گا اور اپنی عزت و ساکھ کی بحالی کیلیے دنیا کے ہر پیلٹ فارم پر آواز اٹھائی جائے گی۔