میرپورخاص(نمائندہ جسارت) اخبار فروش یونین اسلام آباد کے صدر چودھری محمد اشرف، آل پاکستان اخبار فروش فیڈریشن پنجاب کے نائب صدر اور جنرل سیکرٹری اخبار فروش یونین راولپنڈی عقیل عباسی، جوائنٹ سیکرٹری سردار حنیف عباسی اور اخبار مارکیٹ میڈیا سینٹر اسلام آباد کے منیجر حبیب الرحمن نے میرپورخاص پریس کلب کا دورہ کیا اور صدر پریس کلب راشد سلیم سمیت دیگر ممبران سے ملاقات کی۔ اس موقع پر اخبار فروش یونین میرپورخاص کے صدر ایوب مہر، صحافی نذیر پنہور، شوکت پنہور، واحد حسین پہلوانی، امجد کاظمی، عاطف بلوچ اور عبد الجبار بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے چودھری محمد اشرف، عقیل عباسی، سردار حنیف عباسی اور حبیب الرحمن نے کہا کہ ہم اخبار فروش یکجہتی کا منصوبہ لیکر نکلے ہیں اور ملک بھر کے شہروں کے دورے کررہے ہیں، اخباری صنعت کو درپیش مسائل کے حوالے سے حکمت عملی تیار کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گوادر میں صرف ایک اخبار جارہا تھا لیکن ہم نے وہاں دورہ کرکے نئے ایجنٹ تیار کیے ہیں اور ہماری کوشش ہے کہ وہاں تمام اخبارات کی ترسیل کا کام جلد شروع کیا جائے۔ ہم اپنے قائد اور آل پاکستان اخبار فروش فیڈریشن کے تاحیات چیئرمین ٹکا خان کی قیادت میں متحد ہیں اور بہت جلد مری میں ایک بڑی تقریب منعقد کی جائے گی جس میں ملک بھر سے اخبار فروش یونین کے عہدیداران شرکت کریں گے، تقریب کی میزبانی چیئرمین ٹکا خان کریں گے۔ ہماری کوشش ہے کہ ہم ملک بھر کے اخبار فروشوں کو وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی جانب سے شروع کیے جانے والے احساس پروگرام میں شامل کروائیں جس کے لیے ہماری میٹنگ وفاقی وزیر فردوس عاشق اعوان سے ہوچکی ہے اور امید ہے کہ اس حوالے سے بہت جلد خوشخبری سننے کو ملے گی۔ یونین کے مسائل کے حل کے لیے ہم اپنی جانب سے کوششوں کو جاری رکھیں گے۔