لاڑکانہ، نوکریاں نہ ملنے کیخلاف متاثرہ جیالوں کا احتجاج

131

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) لاڑکانہ اور رتو ڈیرو کے جیالوں نے ملازمت نہ ملنے اور نظر انداز کرنے کیخلاف پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کرکے بلاول زرداری سے اپیل کی ہے کہ انہیں کسی بھی محکمے میں ملازمت دی جائے، لاڑکانہ شہر کے نظر محلے کے رہائشی نوجوان جیالے نوید حسین تونیو نے اپنے بچوں کے ہمراہ قرآن پاک اور پارٹی قائدین کی تصاویر ہاتھوں میں اٹھا کر پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ میں پیپلز پارٹی کا جیالا ہوں جبکہ متعدد بار ضلعی و سٹی عہدوں پر فائز ہوکر دکھ اور سکھ میں پارٹی کے ساتھ رہا، تاہم مرکزی قائدین سمیت مقامی رہنماؤں نے مجھے نظر انداز کردیا ہے، جس کے باعث آج میں دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہوں۔ رتوڈیرو کے گاؤں جہاں خان جروار سے تعلق رکھنے والے پیپلز پارٹی جیالے رفیق جروار نے بھی پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ میں 1984ء سے پارٹی سے وابستہ ہوں لیکن مقامی رہنماؤں کی بے حسی اور نظر انداز کرنے کے باعث اس وقت تک بے روزگاری کی زندگی بسر کررہا ہوں۔ میری دو بیٹیاں جوان ہیں، جن کی شادی کے اخراجات کے لیے بھی پیسے نہیں، جبکہ میں خود دل کی بیماری میں مبتلا ہوں، گھر والوں کو دو وقت کی روٹی کھلانا بھی مشکل ہوگیا ہے۔ متعدد بار پارٹی رہنماؤں کو درخواست کی تاہم کچھ حاصل نہیں ہوا۔ دونوں جیالوں نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول زرداری سے اپیل کی کہ انہیں کسی بھی محکمے میں ملازمت دے کر غربت کی زندگی گزارنے سے بچایا جائے۔