ڈپٹی کمشنر سکھر کا عدم صفائی پرسخت برہمی کا اظہار

178

سکھر (نمائندہ جسارت) ڈپٹی کمشنر سکھر غلام مرتضیٰ شیخ نے دارالامان سکھر میں صفائی ستھرائی اور ماحول بہتر نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت دی ہیں کہ غیرسرکاری مینجمنٹ کمیٹی کو فعال بنایا جائے اور اس میں موجود غیرفعال ممبران کو ہٹاکر ان کی جگہ سرگرم لوگوں کو رکھا جائے تاکہ ماحول بہتر ہوسکے۔ یہ ہدایات انہوں نے اپنے آفس کے کانفرنس روم میں دارالامان مینجمنٹ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔ اس موقع پر دارالامان سکھر کی انچارج نے تفصیلی بریفنگ میں بتایا کہ اس وقت دارالامان میں 46 خواتین اور 21 بچے رجسٹرڈ ہیں جن کی خوارک کا سالانہ بجٹ 19 لاکھ روپے ہے، جبکہ دارالامان سکھر میں نصب اکثر سی سی ٹی وی کیمرے غیر فعال ہیں اور پینے کے پانی میں کچرہ آنے کے باعث اکثر خواتین اور بچوں کی صحت متاثر ہو رہی ہے، جبکہ دارالامان کی خواتین کی عدالت پیشی پر لے جانے کے لیے اکثر وبیشتر پولیس موبائل دستیاب نہیں ہوتیں۔ ڈپٹی کمشنر سکھر نے دارالامان کی انچارج کو سختی سے ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ دارالامان کے واٹر ٹینک کی تین روز کے اندر صفائی کرائی جائے اور دارالامان کی خواتین کو پولیس موبائل نہ ملنے کی صورت میں ایس ایس پی سکھر، ڈی آئی بی انچارج اور پولیس کنٹرول رومز کو پیغام ارسال کیا جائے اور سی سی ٹی وی کیمرے ایک ہفتے کے اندر فعال بنا کر رپورٹ دی جائے۔ ڈپٹی کمشنر سکھر نے ڈی ایچ او سکھر کو ہدایت کی کہ دارالامان کی خواتین اور بچوں کی مائوں کی نفسیاتی صحت کے لیے ایک ماہر نفسیات ڈاکٹر کو مقرر کیا جائے تاکہ ان کی ذہنی نشوونما ہوسکے۔ انہوں نے لیگل ایڈ این جی او اور چیمبر آف کامرس کے ممبران کو کہا کہ دارالامان کی بہتری کے لیے مثبت کردار ادا کریں۔