پی ٹی آئی 18ویں ترمیم ختم کرنا چاہتی ہے‘ بلاول زرداری

127

لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی سے چیئرمین بلاول زرداری سے نودیرو ہائوس میں پارٹی کی ذیلی تنظیموں سندھ پیپلزیوتھ آرگنائزیشن اور خواتین ونگ، ہاری فورم، منیارٹی ونگ، ڈاکٹر فورم، لیبر ونگ اور سندھ پیپلزاسٹوڈنٹس فیڈریشن کے کارکنان نے ملاقات کی اس موقع پر پی پی پی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو اور پی ایس 11 کے امیدوار جمیل احمد سومرو بھی موجود تھے، ملاقات میں بلاول زرداری نے ذیلی ونگ کے کارکنان کی تجاویز اور شکایات کو سنا، بلاول زرداری نے کارکنان سے خطاب
کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت غریب کی دشمن ہے، اٹھارویں آئینی ترمیم کو ختم کرنا چاہتی ہے، اب لاڑکانہ سے جواب آنا چاہیے کہ ہمیں سلیکٹڈ حکومت قبول نہیں، پیپلز پارٹی غربت کا خاتمہ کرتی ہے، جبکہ تحریک انصاف اور جی ڈی اے غریب کا خاتمہ چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم ملک میں جمہوریت چاہتے ہیں، پیپلز پارٹی نے جمہوریت کی خاطر شہید بھٹو اور شہید بی بی کی قربانی دی ہے، ہمارا قصور یہ ہے کہ ہم عوام کو طاقتور بنانا چاہتے ہیں، ہماری حکومت نے پنشن میں اضافہ کیا، فوجی جوانوں اور پولیس سمیت دیگر سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیا، بلاول نے کارکنان پر زور دیا کہ وہ جمیل سومرو کو کامیاب کریں کیونکہ وہ ہی میرا امیدوار ہے، جمیل احمد سومرو کا کہنا تھا کہ چیئرمین بلاول زرداری کا شکر گزار ہوں، جس نے مجھ جیسے کارکن کی حوصلہ افزائی کی ہے، پارٹی کے ذیلی ونگ کے کارکنان کا شکرگزار ہوں، جو الیکشن مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزیوتھ آرگنائزیشن کے نوجوان گھر گھر بھٹوازم کا پیغام پہنچارہے ہیں، خواتین اور اقلیتی ونگ کے کارکنان کا جذبہ بھی ناقابل فراموش ہے، پاکستان پیپلزپارٹی عام انتخابات میں اپنی ہاری ہوئی سیٹ اب واپس لے گی۔