نوابشاہ (رپورٹ:عامر شیخ) میونسپل کمیٹی کی نااہلی کے باعث اور ماں کی گود اجڑ گئی، چار سالہ بچہ کھلے گٹر میں گر جاں بحق ہوگیا، لاش ملنے پراہل خانہ پر غشی کے دورے، ماں بے ہوش، سول سوسائٹی کا سخت غم وغصہ کا اظہار، بلدیہ انتظامیہ کیخلاف مقدمہ درج کرانے کا اعلان، مذکورہ کالونی میونسپل کمیٹی کی حدود میں نہیں ہے، بلدیہ انتظامیہ کا موقف۔ ڈاکٹر کالونی میں رہائشی راجن شیخ کا چار سالہ بیٹا ارمان شیخ لاپتا ہوگیا، کئی گھنٹوں کی تلاش کے بعد معصوم بچہ ارمان کی لاش محلے کے گٹر سے برآمد ہوئی، جس پر اس کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں پر ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدق کی، معصوم بچے کی لاش جب گھر پہنچی تو گھر میں گہرام مچ گیا، اہل خانے پر غشی کے دورے پڑتے رہے جبکہ معصوم ارمان کی ماں بے ہوش ہوگئی۔ اس موقع پر بچے کے والد راجن شیخ کا کہنا تھا کہ علاقے میں گٹر کے ڈھکن غائب ہیں، متعدد بار بلدیہ میں شکایت کی مگر کوئی شنوائی نہیں بلکہ دھکے دیکر نکال دیا جاتا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ اب بلدیہ کے ذمے دارن کہہ رہے ہیں کہ ڈاکٹرز کالونی ہماری حدود میں نہیں ہے، تو پھر ووٹ مانگنے کیوں آتے ہو، اس کا کہنا تھا کہ اس سے قبل بھی شہر کے مختلف علاقوں میں کھلے گٹروں میں بچے گر کر ہلاک ہوئے ہیں مگر میونسپل کمیٹی سب ٹھیک ہے کا راگ الاپنے میں مصروف ہے۔ ان کہنا تھا کہ ہم اپنے بچے کے گٹر میں گر کر ہلاکت کا مقدمہ میونسپل کمیٹی انتظامیہ کیخلاف درج کرائیں گے۔ دوسری جانب میونسپل کمیٹی انتظامیہ کا موقف ہے کہ مذکورہ کالونی ہماری حدود میں نہیں آتی، وہ پرائیویٹ کالونی ہے ان کا اپنا نظام اور سسٹم ہے۔