پاکستان میں لادینی نظریات کا پوری قوت سے مقابلہ کریں گے ،سراج الحق

324

لاہور(نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ مدارس کے خلاف سازشوں کو ناکام بنائیں گے ۔ دینی مدارس اسلام کے قلعے ہیں ۔ پاکستان میں لادینینظریات کا پوری قوت سے مقابلہ کریں گے ۔ حکومت نے دینی مدارس کے 31 لاکھ طلبہ کے لیے بجٹ میں ایک روپیہ نہیں رکھا۔ ان خیالات کااظہار انہوںنے راولپنڈی میں دارالعلوم فی ظلال القرآن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ تقریب سے نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان میاں محمد اسلم اور راولپنڈی کے ضلعی امیر سید عارف شیرازی نے بھی خطاب کیا۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ وزارت تعلیم کی کوئی سمت متعین نہیں ۔ حکومت تعلیم عام کرنے کے اعلانات کرتی ہے لیکن اعلیٰ تعلیم کے لیے بجٹ میں 20 فیصد کمی کر دی گئی ہے ۔ حکومت نے یکساں نظام تعلیم کا وعدہ پورا نہیں کیا ۔ سینیٹر سرا ج الحق نے کہاکہ کشمیر میں بدترین کرفیو کو 53 دن گزر گئے ہیں مگر یو این او محصور اور محبوس کشمیریوں کے لیے کچھ نہیں کر سکی ۔ کشمیر میں ایک بہت بڑا انسانی المیہ جنم لے چکاہے ۔ 80لاکھ کشمیری اس وقت دنیا کی سب سے بڑی جیل میں بند ہیں ۔اسپتال بند ہیں ، علاج کی سہولت نہ ملنے کی وجہ سے بیمار و زخمی گھروں میں دم توڑ رہے ہیں ۔ لوگ اپنے مُردوں کو گھروں میں دفن کرنے پر مجبور ہیں ۔ 8واں جمعہ آگیاہے کشمیری مسلمانوں کو مسجدوں میں نماز جمعہ پڑھنے کی اجازت نہیں ۔ انہوں نے کہاکہ یو این او یا امریکا سے امید لگانا خود فریبی ہے ۔ اقوام متحدہ 70سال سے اپنی درجنوں قرار دادوں پر عملدرآمد کرانے میں ناکام رہی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ عالم اسلام کو اپنے مسائل کے حل کے لیے متحد ہونا ہوگا۔
سراج الحق