کوئٹہ، سرگودھا، راجن پور، مظفرگڑھ (اے پی پی) پنجگور سے متصل واشک کے علاقے سورآپ کے قریب نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق ہو گئے۔ ذرائع کے مطابق پنجگور سے متصل علاقہ سوراب میں فضل ہوٹل کے قریب نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے چتکان پنجگور کے رہائشی آمر اور مراد جاں بحق ہوگئے دونوں کی لاشوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کواٹر ہسپتال پنجگور منتقل کردیا گیا ہے لیویز نے علا قے کی ناکہ بندی کر کے ملزمان کی تلا ش شروع کردی ہے۔ چمن کوئٹہ شاہراہ ژڑہ بند کے مقام پر موٹرسائیکل اور ویگن میں تصادم کے نتیجے میں نوجوان جاں بحق ہو گیا۔ لیویز کے مطابق بدھ کے روز چمن کوئٹہ شاہراہ ژڑہ بند کے مقام پر موٹرسائیکل اور ویگن میں تصادم ہوا جس میں نوجوان حکمت اللہ شدید زخمی ہو گیا جسے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ لیویز نے لاش کو ضروری کارروائی کے بعد لاش کو ورثا کے حوالے کردی گئی ہے۔ مزید کارروائی لیویز کررہی ہے۔ سرگودھا موٹر وے کوٹ مومن کے قریب ویگن اور ٹرالر میں تصادم کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق ہو گئے، ویگن اسلام آباد سے لاہور جارہی تھی کہ اس نے چلتے ٹرالر کو ٹکر مار دی ، جس سے ویگن میں سوار 2 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے، مرنے والوں کی شناخت شہزاد اور عبدالحمید کے نام سے ہوئی ہے جنکی لاشیں ڈاکٹری ملاحظے کے بعد ورثا کے حوالے کر دی گئی ہیں۔ راجن پور میں کار کی موٹر سائیکل کو ٹکر، 6 سالہ بچی جاں بحق جبکہ دو خواتین اور ایک مرد شدید زخمی ہوگئے۔ تحصیل روجھان مزاری کے علاقہ عمر کوٹ انڈس ہائی وے روڈ پر کشمور(سندھ) کے رہائشی امیر محمد، شازیہ مائی، ثانیہ مائی، اور نازیہ بی بی موٹر سائیکل پر سوار ہوکر جارہے تھے کہ سامنے سے آنیوالی تیز رفتار کار نے انہیں ٹکر ماردی جس کے نتیجے میں 6 سالہ نازیہ بی بی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی جاںبحق ہوگئی جبکہ امیر محمد، شازیہ اور ثانیہ کو گہری چوٹیں آئیں۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور زخمیوں کو شیخ خلیفہ اسپتال روجھان مزاری لایا گیا جن کو طبی امداد دی جا رہی ہے اور انکی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔ پولیس تھانہ روجھان مزاری نے کار کے ڈرائیور کو گرفتار اور کار کو قبضہ میں لیکر کارروائی شروع کر دی ہے۔ ڈی پی او مظفرگڑھ صادق علی ڈوگر کی ہدایات پر ضلع بھر میں منشیات، شراب فروشوں کے خلاف آپریشن کلین سوئپ کا آغاز کردیا گیا۔ ایس ایچ او تھانہ قریشی عمران حمید ماڑھا ، سب انسپکٹر نوید آفتاب کے پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ مختلف علاقوں میں چھاپے، بدنام زمانہ منشیات فروش فرید چانڈیہ کو گرفتار کرکے قبضہ سے 2240 گرام چرس برآمد کرلی۔ شراب فروش عبد الستار سہرانی سے شراب کی بھٹی سے تیار شدہ 270 لیٹر دیسی شراب اور 90 لیٹر لہن برآمد کر کے ملزم عبدالستار کو موقع سے گرفتار کر لیا گیا جبکہ عمران چانڈیہ، مرید سہرانی ، عمران سہرانی سے الگ الگ پستول 30 بور مع گو لیاں اور ظفر حسین سے شراب دیسی 20 لیٹر دیسی برآمد کر کے گرفتار کر لیا گیا۔