جامعہ کراچی کے استاد پر الزام، طالبعلم کا اخراج اور جرمانہ

459

کراچی(اسٹاف رپورٹر)جامعہ کراچی کے استاد پر جھوٹا الزام عائد کرنے والے طالبعلم کو جامعہ سے خارج اور جرمانہ عائد کر دیا گیا ہے،

جامعہ کراچی کی انضباطی کمیٹی کا فیصلہ رجسٹرار جامعہ کراچی نے جاری کر دیا۔ انضباطی کمیٹی نے استاد کی درخواست پر واقعہ کی تحقیقات کرائی اور الزام ثابت نہ ہونے پر مذکورہ طالب علم تہماس علی خان کو نہ صرف جامعہ کراچی سے ایک سال کے لیے خارج کر دیا بلکہ مذکورہ طالب علم پر 5 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کر دیا گیا،جامعہ کراچی کے استاد کے خلاف سوشل میڈیا پر 11 اپریل 2019 کو ایک ویڈیو وائرل کی گئی تھی جس کے خلاف شعبہ کے استاد نے اگلے ہی روز 12 اپریل کو انضباطی کارروائی کے لیے خط تحریر کر دیا تھا۔

طالب علم تہماس خان نے استاد پر طالبات کو ہراساں کرنے کا الزام عائد کیا تھا اور کچھ طالبات کی دستخطوں کے ساتھ ایک درخواست بھی جامعہ کراچی کی انتظامیہ کو جمع کرائی تھی لیکن واقعہ میں کوئی بھی طالبہ سامنے نہیں آئی۔

جامعہ کراچی کے ترجمان کا کہنا تھا کہ کوئی بھی طالبہ وائس چانسلر کے سامنے پیش نہیں ہوئی اگر کوئی پیش ہوگا تو قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔