سکھر،رائس کینال کے رہائشی دو بچے کینال میں ڈوب گئے

153

سکھر( نمائندہ جسارت)رائس کینال کے رہائشی دو معصوم بچے کھیلتے ہوئے کینال میں ڈوب گئے، ورثاء چار گھنٹے تک ضلعی انتظامیہ اور محکمہ آبپاشی کے عملے کو بچوں کی تلاش کے لیے منتیں کرتے رہے،داد رسی نہ ہونے پر ورثاء نے اپنی مدد آپ کے تحت بچوں کی تلاش شروع کردی۔ تفصیلات کے مطابق آباد تھانہ کی حدود سٹی بائی پاس رائس کینال کی پشتوں پر رہائش پذیر سات سالہ ابوبکر ملک اور 6 سالہ گلناز ملک کھیلتے ہوئے اچانک دریا میں ڈوب گئے،موقع پر موجود لوگوں نے 15 مددگار پولیس سینٹر، محکمہ آبپاشی اور ضلعی انتظامیہ کے افسران کو آگاہی دی، تاہم چار گھنٹے تک انتظامیہ کی جانب سے بچوں کی تلاش کے لیے کینال کا پانی بند کرنے سمیت غوطہ خوروں کا انتظام نہیں کیا گیا، جس کی وجہ سے بچوں کے ورثا شدید پریشانی میں مبتلا رہے، بعد میں رہائشیوں نے اپنی مدد آپ کے تحت بچوں کی تلاش شروع کردی، بچی گلناز ملک کے والد بشیر ملک نے متعلقہ بالا حکام سے بچوں کی تلاش میں مدد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔