لاہور( نمائندہ جسارت نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اور صدر مجلس قائمہ سیاسی انتخابی پارلیمانی امورجماعت اسلامی، لیاقت بلوچ نے پاک سعودی تعلقات اور تقدس حرمین شریفین سیمینار سے خطاب اور شیخوپور میں معروف قانون دان سید انور علیمی کے انتقال پر اظہار تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاہے کہ عمران خان اور شاہ محمود قریشی بیک وقت خارجہ محاذ و سفارت کاری کے میدان میں ناکام اور نااہل ثابت ہوئے ہیں ۔ ہر معاملہ میں بڑا بول ، بڑی کامیابی کا دعویٰ اور ناتجربہ کاری ملک و ملت کے لیے بہت مہنگی پڑ رہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ امریکہ تو مکمل طور پر اپنا وزن انڈیا کی جھولی میں ڈال چکاہے جبکہ ہم مقبوضہ کشمیر میں مظالم اور انسانی حقوق کی پامالی کا مقدمہ درست طریقہ سے پیش ہی نہیں کر سکے ۔انہوں نے کہاکہ حکومتی غیر سنجیدگی تو ظاہر کر رہی ہے کہ بس وقت گزر جائے اور کشمیر پر سودا پکا ہو جائے ۔ سفارت کاری اور اخلاقی برتری کے باوجود حکومت کی نااہلی سب سے بڑی رکاوٹ بن گئی ہے ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات تاریخی اور ہمیشہ مثالی رہے ہیں۔ یہ تعلقات اسلام ، محبت ، اخوت اور حرمین الشریفین کی گہری عقیدت کی بنیاد پر ہیں ۔ سعود ی عرب کی سلامتی ، معیشت اور نظام مملکت کے خلاف سازشیں تشویش ناک ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ اتحاد امت کے لیے سعودی عرب قائدانہ کردار ادا کر سکتاہے ۔ انہوں نے کہاکہ مسئلہ کشمیر پر سعودی عرب سے پاکستا نی بجا طور پر بڑی توقعات رکھتے ہیں ۔ پاکستان مضبوط اور کشمیریوں کو حق خود ارادیت مل جائے تو ہندوستان کے مسلمان بھی زیادہ مستحکم ہوں گے ۔ مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کے ظلم کے شکنجے میں پھنسے مسلمانوں کو نجات دلائی جائے ۔