گندگی کے اعتبار سے راولپنڈی کو کراچی نہیں بننے دینگے‘ عدالت عالیہ

148

راولپنڈی (ا ے پی پی) عدالت عالیہ راولپنڈی نے ڈھوک سیداں گرائونڈ میں گندگی اور غلاظت کے ڈھیروں کا سخت نوٹس لیتے ہوئے عدالتی بیلف مقرر کر دیا ہے جو موقع پر جا کر گرائونڈ کی صفائی کی صورتحال پر رپورٹ پیش کرے گا۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ گندگی اور غلاظت کے اعتبار سے راولپنڈی کو کراچی نہیں بننے دیں گے‘ کنٹونمنٹ میں موجود تمام گرائونڈز پر اداروں نے قبضے کر رکھے ہیں‘ ایک وقت تھا کہ کنٹونمنٹ کے علاقوں میں جانے سے طبیعت خوش ہوتی تھی لیکن اب ہر طرف گندگی کے ڈھیر ملتے ہیں۔ ڈھوک سیداں اراضی کیس کی سماعت منگل کو لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ کے جسٹس طارق محمود عباسی اور جسٹس شاہد محمود عباسی پر مشتمل ڈویژن بینچ نے کی ۔ عدالت نے ڈھوک سیداں گرائونڈ میں کچرا پھینکنے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے عدالتی احکامات پر من و عن عمل کرنے کا حکم دیا ہے اور سماعت7 اکتوبر تک ملتوی کرتے ہوئے فریقین کے وکلا کو دلائل مکمل کرنے کا حکم دیا ۔