اسلام آباد(صباح نیوز)ن لیگ کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان ملک کے لیے سیکورٹی رسک بنتے جا رہے ہیں ، وزیر اعظم نے نیو یارک میں بیٹھ کر کہا کہ القاعدہ کی تربیت پاک فوج نے کی ہے،پاک فوج وزیر اعظم کے غیر مصدقہ اور غیر ذمے دارانہ بیان کی تردید کرے ،ن لیگ اس غیر ذمے دارانہ بیان کی مذمت کرتی ہے۔ نیشنل پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شوگرانڈسٹری کے لیے ڈیوٹی ختم کرائی گئی ہے ، وزیر اعلیٰ نے 4 رکنی کمیٹی بنا ئی 2 نے رپورٹ پر دستخط نہ کیے ، اس رپورٹ کو کابینہ میں پیش کر کے ڈیوٹی معاف کرنے کی منظوری دے دی گئی ،4 ارب جو کورٹ کے اکاؤنٹ میں ڈیوٹی اکھٹی ہوئی وہ بھی واپس کرنے کی راہ ہموار کر دی گئی،چیئرمین نیب اربوں روپے کی اس کرپشن پر کارروائی کریں۔ احسن اقبال نے کہا کہ شوگر ملز مالکان نے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا فیصلہ پنجاب حکومت کے حق میں آیا ،ملز مالکان عدالت عظمیٰ چلے گئے لاہور ہائی کورٹ کو دوبارہ کیس سننے کا کہا گیا ،آج ملک میں کرپشن کا ایک زلزلہ ہے جو حکومت ڈھٹائی سے کر گزری ہے ،پہلے جی آئی ڈی سی کی جس میں منظور نظر افراد کو300ارب نوازنے کی کوشش کی تھی ۔ حکومت نے اب خاموشی سے پنجاب حکومت کو 400ارب کا چونا لگایا۔