کراچی(اسٹاف رپورٹر) چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ ہیکا طوفان کراچی کے ساحل سے 800 کلو میٹر سے زاید فاصلے پر موجود ہے، طوفان نے کل سے شدت اختیار کی ہے جبکہ پورے ملک میں بارش کی پیش گوئی، کل سے 30 ستمبر تک کراچی سمیت سندھ بھر میں بارش متوقع ہے،
تفصیلات کے مطابق ہیکا طوفان شہر کراچی کے ساحل سے آٹھ سو کلو میٹر کی دوری پر آ گیا ہے، چیف میٹرولوجسٹ کا کہنا ہے کہ طوفان کا سفر مغرب کی جانب ہے،
سردار سرفراز نے کہا کل سے طوفان نے شدت اختیار کر لی ہے، اس طوفان کا رخ عمان کی جانب ہے اور یہ آج رات یا کل صبح تک عمان کے ساحل کو کراس کر لے گا۔
چیف میٹرولوجسٹ کے مطابق ہیکا طوفان کا اب ہمارے ایریا میں کوئی اثر نہیں ہے، ایک اور لو پریشر ایریا بھارتی گجرات کی جانب بن رہا ہے تاہم کل شام سے اس کا اثر نظر آنا شروع ہو جائے گا۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے پورے ملک میں بارش کی پیش گوئی بھی کر دی ہے، سردار سرفراز نے بتایا کہ کل سے 30 ستمبر تک کراچی سمیت سندھ بھر میں بارش متوقع ہے، کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خلیج بنگال سے مون سون کے مزید سسٹم داخل ہو رہے ہیں، شمال مشرقی اور جنوب مشرقی علاقوں میں نیا سسٹم داخل ہو سکتا ہے، جمعرات سے سسٹم کے مضبوط ہونے کا امکان ہے۔
موسمیات کا یہ بھی کہنا ہے کہ جمعے سے ملک کے بالائی علاقوں میں بھی لہر کے داخل ہونے کا امکان ہے، جب کہ جمعے سے پیر کے دوران کراچی میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے واضح کیا ہے کہ کراچی میں اربن فلڈنگ کی صورت حال پیدا ہو سکتی ہے۔