لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) الیکشن کمیشن کی جانب سے پی ایس 11 پر 27 اکتوبر پر انتخابات کروانے کے اعلان کے بعد پیپلز پارٹی اور جی ڈی اے امیدواروں کی جانب سے انتخابی مہم تیز کردی گئی ہے جبکہ مختلف برادریوں نے بھی مشاورت کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے۔ گزشتہ شب معظم گروپ سے تعلق رکھنے والے یوسی چیئرمین چنگیز ابڑو کے بڑے بھائی زاہد علی ابڑو کی جانب سے جمیل احمد سومرو کے لیے عشائیہ دیا گیا جس میں انہوں نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ پیپلز پارٹی میں شمولیت اور جمیل احمد سومرو کی پی ایس 11 پر حمایت کا اعلان بھی کیا جبکہ جمیل احمد سومرو نے انہیں پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت پر مبارکباد دی اور کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی شہیدوں کی پارٹی ہے، مجھ جیسے ایک کارکن کو چیئرمین کی جانب سے پی ایس 11 پر بطور امیدوار نامزد کرنا میرے لیے باعث فخر ہے، پی ایس 11 پر کامیابی کے بعد شہریوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کے لیے دن رات ایک کردیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مخالفین کی جانب سے نت نئے ہتھکنڈے استعمال کیے جارہے ہیں لیکن لاڑکانہ کا عوام باشعور ہے جنہوں نے ہمیشہ پیپلز پارٹی کا ساتھ دیا اور 17 اکتوبر پر تیر پر ٹھپے لگاکر شہیدوں کی پارٹی کے امیدوار کو کامیاب کریں گے۔ دوسری جانب جمیل احمد سومرو نے قلب حسین لاہوری سے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کرکے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی رہنما سرائی سرفراز حسین کھوکھر، شرجیل رضوانی، کاظم بھٹو اور دیگر بھی موجود تھے۔