چارسدہ (آئی این پی) چارسدہ کی تحصیل تنگی کے علاقے باجوڑو کلی میں تیز رفتار موٹر کار ڈرائیور سے بے قابو ہو کر نہر سوات میں گرنے سے دو بچوں اور خاتون سمیت چار افراد جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہوگیا۔ حادثے میں جاں بحق افراد میں میاں بیوی اور انکے دو بچے شامل ہیں جو منگنی کی ایک تقریب میں شرکت کے لیے ضلع مہمند کے علاقے یکہ غنڈ سے شاخ نمبر 6 جا رہے تھے کہ باجوڑو کلی میں انکی موٹر کار تیز رفتاری کے باعث سڑک سے ملحقہ نہر سوات میں گرگئی۔ حادثے میں قمر ولد باور خان نامی شخص، اسکی اہلیہ اور دو بچے بلال اور محمد موقع پر جاں بحق جبکہ گاڑی کا ڈرائیور صالح شدید زخمی ہوگیا۔ حادثے کے بعد مقامی لوگوں نے میتوں اور زخمی شخص کو باہر نکال کر ٹی ایچ کیو اسپتال تنگی منتقل کیا جہاں سے زخمی ڈرائیور کو پشاور کے ایل آر ایچ منتقل کیا گیا ہے۔