نوابشاہ میں قائم بھینسوں کے باڑوں کو ایک ماہ کا نوٹس

112

نوابشاہ (سٹی رپورٹر) شہر میں بھینسوں کے باڑوں کے باعث نکاسی آب کا نظام درہم برہم انتظامیہ حرکت میں آگئی، باڑوں کے باعث محلوں اور رہائشی علاقوں میں موذی امراض پھیل رہے ہیں ایک ماہ کے نوٹس کے باوجود بند نہ کیے تو تادیبی کارروائی کی جائے گی۔ نوابشاہ کے مختار کار اشرف قنبر نے رہائشی کالونیوں میں ڈیری فارموں پر چھاپے مارے اور شہری آبادیوں سے ڈیری فارم ختم کرنے احکامات دیے۔ مختار کار اشرف قنبر نے کہا کہ بھینسوں کا فضلہ فوری طور پر ختم کیا جائے۔ مختار کار نوابشاہ نے امیر شاہ کالونی میں بھینسوں کے باڑوں پر چھاپا مارا اس دوران انہوں نے کہا کہ ایک ماہ کے اندر رہائشی کالونیوں سے ڈیری فارم ختم کیے جائیں، ڈیری فارم ختم نا کرنے والے افراد کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ شہریوں کا اس سلسلے میں کہنا ہے کہ پورے شہر میں بلا امتیاز کارروائی کی جائے، مخصوص علاقوں کو رعایت دی گئی تو ہم اس فیصلے کیخلاف اپنا رد عمل ظاہر کریں گے۔ بھینسوں کے باڑوں کے لحاظ سے اس وقت نوابشاہ منافع بخش صنعت کی صورت اختیار کرگیا ہے لیکن حفظان صحت کے اصولوں کو بالائے طاق رکھ دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں ڈیری کی صنعت کے فوائد کے بجائے نقصانات زیادہ اٹھانے پڑ رہے ہیں۔ نواحی علاقے میں سڑکوں پر بھینسوں کو باندھ دیا جاتا ہے جس کی وجہ سے راستے میں رکاٹ پیدا ہوتی ہے، تو دوسری جانب نکاسی آب کا نظام درہم برہم ہو کر رہ گیا ہے۔