گرفتاریوں پر زرداری لیگ کی خاموشی اعتراف جرم ہے، صدرالدین راشدی

395
فنکشنل لیگ کے صوبائی صدر پیر صدرالدین شاہ راشدی سے ڈاکٹر صفدر عباسی ملاقات کر رہے ہیں

 

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے صدر گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے مرکزی رہنما پیر سید صدرالدین شاہ راشدی نے کہا ہے کہ زرداری لیگ کی حکومت کے چل چلاؤ کا وقت ہے ،آئے دن زرداری لیگ کے سرکردہ کرپٹ رہنمائوں کی گرفتاری پر زرداری لیگ کی خاموشی ان کے اقبال جرم کے مترادف ہے۔پی ایس 11 لاڑکانہ کے ضمنی انتخاب میں جی ڈی اے کے امیدوار معظم علی عباسی کی واضح اکثریت سے کامیابی زرداری لیگ کے سیاسی تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگی۔ان خیالات کا اظہار پیر سید صدرالدین شاہ نے پاکستان پیپلز پارٹی ورکرز کے صدر ڈاکٹر صفدر عباسی سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔ اس موقعے پر پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے جنرل سیکرٹری اور جی ڈی اے کے انفارمیشن سیکرٹری سردار عبدالرحیم سندھ اسمبلی میں جی ڈی اے کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر نند کمار گوکلانی بھی موجود تھے۔پیر سید صدرالدین شاہ راشدی نے مزید کہا کہ آئے دن زرداری لیگ کے سرکردہ کرپٹ رہنما گرفتار ہورہے ہیں لیکن عوام کا پیسہ لوٹنے والی اور سندھ کو بربادی کے دہانے پر لانے والی جماعت میں اتنی بھی سکت نہیں رہی ہے کہ وہ اپنے گرفتار رہنماؤں کا دفاع کرسکے۔انہوں نے کہا کہ گرفتاریوں پر زرداری لیگ کی خاموشی اقبال جرم کے مترادف ہے۔ 12 سالوں سے سندھ کے وسائل کو لوٹنے والوں کو شکست فاش ہوگی۔پیر سید صدرالدین شاہ نے مزید کہا کہ عوام اب زرداری لیگ کو مسترد کرچکے ہیں اور حد تو یہ ہے کہ زرداری لیگ کو حلقے سے کوئی بھی امیدوار نہیں ملا اور ان کو حلقے سے باہر کا امیدوار امپورٹ کرنا پڑا لیکن جس طریقے سے عام انتخابات میں معظم عباسی نے زرداری لیگ کے امیدوار کو 12 ہزار ووٹوں سے شکست دی تھی اور اب بھی جی ڈی اے اور لاڑکانہ اتحاد زرداری لیگ کے امیدوار کی ضمانت ضبط کرادے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت سندھ کے عوام کا پیسہ لاڑکانہ کے ضمنی انتخابات پر خرچ کرے گی اور ابھی سے دھاندلی کی شروعات کی گئی ہے مگر شکست زرداری لیگ کا مقدر بن چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ لاڑکانہ کے غیور عوام لاڑکانہ کی تباہی و بربادی کا بدلہ جی ڈی اے کے امیدوار کو کامیاب کرکے لیں گے کیونکہ لاڑکانہ کوپیرس بنانے کی دعویدار زرداری لیگ نے اپنے 12 سالہ دور اقتدار میں لاڑکانہ کی ترقیاتی اسکیموں کے لیے رکھے گئے اربوں روپے ہڑپ کرکے لاڑکانہ کو کھنڈرات میں تبدیل کردیا ہے۔