ننکانہ صاحب (آن لائن) وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈئیر(ر) اعجاز احمد شاہ نے کہا ہے کہ بابا گورونانک کے جنم دن پر آنے والے سکھ یاتریوں کو بہترین سہولیات فراہم کریں گے۔ کرتار پور راہداری اپنے مقررہ وقت پر لازمی کھولیں گے۔نواز شریف یا آصف زرداری سے کوئی ڈیل نہیں ہورہی،سیاسی مخالفین چاہتے ہیں کہ وزیر اعظم کا اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں خطاب کامیاب نہ ہو۔ہفتہ کے روز ننکانہ صاحب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیرداخلہ بریگیڈئیر(ر) اعجاز احمد شاہ نے ضلع بھر میں جاری ترقیاتی کاموں اور بابا گورونانک کے جنم دن کی تقریبات کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ترقیاتی کاموں کا جائزہ لینے کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ بابا گورونانک کے جنم دن پر پوری دنیا سے آنے والے سکھ یاتریوں کو بہترین سہولیات فراہم کریں گے۔ بابا گورونانک کے 550 ویں جنم دن پرسیکورٹی کا کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔وفاقی وزیر داخلہ نے بابا گورونانک یونیورسٹی کی جگہ پر جاری کام کا جائزہ بھی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اکتوبر میں بابا گورونانک یونیورسٹی کا افتتاح کریں گے۔اعجاز احمد شاہ کا کہنا تھا کہ کرتار پور راہداری اپنے مقررہ وقت پر لازمی کھولیں گے۔انہوں نے کہا کہ پچھلے ادوار میں ترقیاتی کاموں میں دس سے پندرہ فیصدٹھیکے داروں سے کمیشن لی جاتی تھی۔ میرا کوئی رشتہ دار یا جاننے والا کمیشن لے گا تو ان کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے گی۔ سیاستدانوں نے کرپشن کر کے عوام کے ساتھ ظلم کیا ہے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ پچھلے ادوار میں پانچ پانچ لاکھ روپے لے کر نوکریاں دی گئیں۔ جنہوں نے کرپشن کی ہے ان کے کیسز نیب اور اینٹی کرپشن کو بھجوائے جا رہے ہیں۔وزیر داخلہ نے کہا کہ ضلع بھر میں ناجائز تجاوزات کرنے والوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائیگا۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سیاسی مخالفین چاہتے ہیں کہ وزیر اعظم کا اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں خطاب کامیاب نہ ہو۔اعجاز شاہ نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان تحریک انصاف پانچ سال پورے کرے گی۔ پی ٹی آئی کی حکومت کے دوران ترقیاتی کاموں سے ننکانہ صاحب کا نقشہ بدل دیا جائے گا۔
وفاقی وزیر داخلہ