فضل الرحمن کو پیغام دیا ہے گرم جگہ پر پاؤں نہ رکھیں، شیخ رشید

99

لاہور (نمائندہ جسارت) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ عبدالغفور حیدری کے ذریعے مولانا فضل الرحمان کو پیغام بھیجا ہے کہ گرم جگہ پر پاؤں نہ رکھیں اس وقت پھونک پھونک کر قدم رکھنا ہوگا، کشمیر پر ہماری حکومت کے خلاف بہت زہریلا پروپیگنڈا ہو رہا ہے جس میں کامیابی نہیں ملنے والی، وزیراعظم اور آرمی چیف کی قیادت میں کشمیر کا کیس بہت بہتر طریقے سے آگے جائے گا۔ سلامتی کونسل میں 52 سال بعد کشمیر کا مسئلہ عمران خان لے کر گئے، جنگ کا فیصلہ وزیراعظم اور آرمی چیف کو کرنا ہے۔ لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران شیخ رشید نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان لوگوں کو ناموس رسالت پر اکٹھا کر رہے ہیں لیکن ان کا مقصد کچھ اور ہے۔ پہلے کہہ چکا ہوں کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ مولانا فضل الرحمان کے ساتھ نہیں چلے گی۔ شیخ رشید نے کہا کہ چین کے ساتھ پاکستان کی دوستی سمندر سے گہری اور ہمالیہ سے بلند ہے، کہا جا رہا ہے سی پیک تو بس پیک ہو گیا ہے، سی پیک ایم ایل ون بنے گا اور سی پیک عمران خان کے دور میں ہی مکمل ہوگا۔
شیخ رشید