ڈپٹی کمشنر بینظیر آباد ابرار احمد جعفر کا صحت مراکز کا دورہ

116

نوابشاہ (سٹی رپورٹر) ڈپٹی کمشنر بینظیر آباد ابرار احمد جعفر نے ایم ایس پی ایم سی اسپتال ڈاکٹر محمد یوسف زرداری کے ہمراہ زچہ و بچہ ہیلتھ کیئر سینٹر نوابشاہ، پیپلز میڈیکل یونیورسٹی اسپتال اور ریجنل بلڈ سینٹر کا دورہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے زچہ و بچہ ہیلتھ کیئر سینٹر میں بچوں کے وارڈ شروع کرنے کے حوالے سے جاری کام کا جائزہ لیا اور سینٹر میں وارڈ کی منتقلی کے کام کو تیز کرنے کی ہدایات دیں۔ ڈپٹی کمشنر نے امید ظاہر کی کہ اس سینٹر کے مکمل فعال ہونے سے علاقے کے بچوں کو صحت کی بہتر سہولیات میسر ہوسکیں گی۔ بعد ازاں ڈپٹی کمشنر ابرار احمد جعفر نے ریجنل بلڈ سینٹر نوابشاہ کا بھی دورہ کیا۔ اس موقع پر ایم ایس ڈاکٹر محمد یوسف زرداری اور بلڈ سینٹر کی انتظامیہ نے ڈپٹی کمشنر کو آگاہی دیتے ہوئے بتایا کہ یہ بلڈ سینٹر سندھ حکومت کی جانب سے قائم کیا گیا ہے اور اس کا انتظام فاطمید فاؤنڈیشن کے حوالے کیا گیا ہے جو بلڈ ٹرانسفیوژن کے حوالے سے ایک مستند ادارہ مانا جاتا ہے۔ ادارے کی جانب سے کنٹرول حاصل کرنے کے بعد مشینری کی تنصیب کا کام تیزی سے جاری ہے اور آئندہ ماہ سے عوام کو بلڈ ٹیسٹ و ٹرانسفیوژن کی سہولیات میسر ہوں گی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ریجنل بلڈ سینٹر کے فعال ہونے سے علاقے کے مریضوں کو تصدیق شدہ خون کی منتقلی کے حوالے سے بہتر سہولیات میسر ہوںگی اور انتقال خون کی بیماریوں سے بھی بچاؤ میں مدد ملے گی۔ جبکہ پی ایم سی اسپتال کے دورے کے موقع پر ڈپٹی کمشنر نے ٹراما سینٹر، میڈیکل اسٹور اور مختلف وارڈز کا دورہ کیا اور ایم ایس سے مریضوں کو ملنے والی ادویات و دیگر صحت کی سہولیات کے متعلق معلومات لی اور اسپتال میں صفائی کی ناقص صورتحال پر برہمی کا اظہار کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ایم ایس کو ہدایت کی کہ اسپتال میں صفائی کی صورتحال کو بہتر بنایا جائے اور آنے والے مریضوں کو ہر ممکن صحت کی سہولیات فراہم کی جائیں۔