سکھر، معذور افراد کی بھرتی کے لیے خالی اسامیوں کی تفصیل طلب

151

سکھر (نمائندہ جسارت) ڈپٹی کمشنر خیرپور محمد نعیم سندھونے کہا ہے کہ تمام سرکاری اداروں کے اعلیٰ افسران اپنے محکموں میں خالی اسامیوں کی تفصیل سے آگاہی فراہم کریں تاکہ اعلیٰ عدا لتی احکامات کی روشنی میں 5 فیصد کوٹا کے تحت معذور افراد کوسرکاری ملازمتیں فراہم کی جاسکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی سی آفس کے دربار ہال میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں تعلیم صحت، سماجی بہبود ، بلڈنگ، آبپاشی، پبلک ہیلتھ، اسپتالوں، سمیت دیگر تمام سرکاری اداروں کے افسرن نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ڈی سی خیرپور نے کہا کہ معذور افراد کی 5 فیصد کوٹا کے تحت بھرتی کے لیے انٹرویو ہوئے جس کے بعد تمام اداروں میں خالی اسامیوں کی حالیہ رپورٹ ایک روز میںفراہم کی جائے تاکہ ان اسامیوں پر معذور افراد کی بھرتی کے لیے حکام بالا کو تحریری رپورٹ روانہ کی جائے۔ ڈی سی خیرپور نے ایم ایس سول اسپتال اور ڈی ایچ او کو ہدایت کی کہ معذور افراد کی بھرتی کے لیے ڈاکٹرز کا پینل بورڈ کا حصہ ہوگا جس کے لیے پیشگی اقدامات کیے جائیں ۔اجلا س میں تمام سرکاری اداروں کے اعلیٰ افسران نے یقین دہانی کرائی کہ وہ اپنے محکموں میں خالی اسامیوں کی تفصیلات ایک روز میں فراہم کریں گے۔