مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قرارداد اور کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، گورنر سندھ

752

کراچی (اسٹا ف رپورٹر)گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ دنیا بھر میں آج امن کا دن منایا جا رہا ہے، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے اس دن کو دنیا بھر میں عدم تشدد کا دن قرار دیا ہے جسے منانے کا مقصد دنیا میں نفرتوں اور جنگ وجدل کو ختم کرکے محبت کو بڑھانا ہے،اس سال اقوام متحدہ نے اس دن کا موضوع کلائمنٹ ایکشن رکھا ہے،

یہ بات انہوں نے سندھ بوائز اسکاؤٹس کے جانب سے گورنر ہاؤس سے نکالی جانے والی امن واک “Peace Walk” میں شرکت کے موقع پر میڈیا نمائندگان سے بات چیت کرتے ہوئے کہی،

اس موقع پر آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر شاہ غلام قادر بھی گورنر سندھ نے کے ہمراہ موجود تھے۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ بوائز اسکاؤٹس کی جانب سے عالمی یوم امن کے مناسبت سے امن واک کا انعقاد کرنا قابل تحسین عمل ہے،

گورنر سندھ نے کہا کہ عالمی یوم امن کے موقع پر کشمیر میں بھارت کی طرف سے کی جانے والی ظلم و بربریت کی روک تھام کے لیے اقوام متحدہ کا کردار اہمیت کا حامل ہے، مسئلہ کشمیر کا منصفانہ حل اقوام متحدہ کی قرارداد اور کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے،

اس ضمن میں اقوام عالم کو بھی آگے آنا ہوگا۔کشمیر میں بھارتی رویہ کی بنا پر خطے کی سلامتی کو شدید خطرات لاحق ہیں، اقوام عالم کو بھی کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر آواز بلند کرنا چاہئے۔گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنے مظلوم کشمیریوں کاساتھ آخری دم تک دیگی۔