سکھر (نمائندہ جسارت) ریلوے پولیس سکھر ڈویژن کا سیٹھارجہ میں فیکٹری پر چھاپا، لاکھوں روپے مالیت کی 45 سے زائد غیر قانونی طور پر غائب کی گئیں ریلوے لائنیں برآمد، فیکٹری منیجر گرفتار، مقدمہ درج، ریلوے املاک کو نقصان پہنچانے والوں کیخلاف کارروائیاں جاری رہیں گی، ایس پی ریلوے سکھر ڈویژن۔ ترجمان ریلوے پولیس سکھردائود ملک کے کے مطابق ریلوے اسپیشل برانچ کے انچارج مرزا ظفر اقبال، ہیڈ کانسٹیبل عبدالغفار کو خفیہ اطلاع ملی کہ ریلوے کی غیر قانونی طور پر چوری کی جانے والی لائنیں سیٹھارجی کی ایک فیکٹری میں استعمال کی جارہی ہیں۔ اطلاع ملنے کے بعد اسپیشل برانچ نے ایس پی ریلوے کو تمام تر معاملے سے آ گاہ کیا، جس کے بعد ایس پی ریلوے نے کارروائی کے لیے چھاپا مار ٹیمیں تشکیل دیں، جنہوں نے ایس پی ریلوے سکھر ڈویژن نیاز احمد کی سربراہی میں سیٹھارجہ ریلوے کے قریب دادا کاٹن فیکٹری میں کارروائی کرتے ہوئے ریلوے کی 45 سے زائد غیر قانونی طور پر غائب کی جانے والی ریلوے لائنیں برآمد کرلیں۔ ریلوے لائنیں فیکٹری میں کمروں کی چھتیں تعمیر کرانے کے کام میں استعمال کی جارہی تھیں، جبکہ متعدد ریلوے لائنوں کو ٹکڑوں میں کاٹ کر دیگر چیزوں میں استعمال کرنے کے لیے رکھا گیا تھا۔ کارروائی کے دوران فیکٹری منیجر کو بھی گرفتار کیا اور تھانہ ریلوے پولیس پڈعیدن میں PWI لیاقت علی کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔ ترجمان ریلوے پولیس سکھر کے مطابق گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔ دوسری جانب ایس پی ریلوے سکھر ڈویژن نیاز احمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کارروائی خفیہ اطلاع پر کی گئی، ریلوے املاک کو نقصان پہنچانے والوں کیخلاف ریلوے پولیس کی کارروائیاں جاری ہیں۔ ریلوے املاک سمیت مسافر ٹرینوں اور مسافر حضرات کی حفاظت کے لیے ریلوے پولیس اہلکاروں کو سختی سے ہدایات دی گئی ہیں اور اگر کوئی ریلوے پولیس افسر یا اہلکار اپنی ڈیوٹی درست طریقے سے سر انجام نہیں دے گا اس کیخلاف محکمہ جاتی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔