بینظیر آباد میں ڈویژنل سطح کے دفاتر مکمل طور قائم نہیں ہوسکے، محسن علی شاہ

154

نوابشاہ (سٹی رپورٹر) بے نظیرآباد ڈویژن کے لیے کمپلیکس قاضی احمد روڈ پر تعمیر کیا جارہا ہے جس کے لیے 8 ایکڑ زمین حاصل کرلی گئی ہے یہ کہنا تھا کمشنر سید محسن علی شاہ کا جن کی زیرصدارت بے نظیرآباد میں سرکاری محکموں کے ڈویژن سطح پر دفاتر قائم کرنے کے لیے ڈویژنل کمپلیکس کی تعمیر کے متعلق اجلاس کمشنر آفس کے کمیٹی روم میں ہوا۔ اجلاس میں ڈی آئی جی بینظیرآباد مظہر نواز شیخ، ڈپٹی کمشنر بینظیرآباد ابرار احمد جعفر، ایڈیشنل کمشنر پرویز احمد بلوچ، ایس ایس پی تنویر حسین تنیو، ایکسین پروانشل بلڈنگ جاوید احمد، جی ایم نیسپاک اقبال بلوچ اور دیگر ڈویژنل افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈویژنل کمشنر سید محسن علی شاہ نے کہا کہ 2014ء میں بینظیرآباد کو ڈویژن کا درجہ دینے کے بعد ابھی تک ڈویژنل سطح کے دفاتر مکمل طور قائم نہیں ہوسکے ہیں، جس کی وجہ سے عوام کو اپنے اپنے مسائل حل کرانے کے لیے بڑی تکالیف کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ اس ضمن میں تمام سرکاری محکموں کو ایک جگہ یکجا کرنے کے لیے ڈویژنل کمپلیکس کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے، جس کے قائم ہونے سے عوام کے مسائل ایک جگہ پر حل ہوسکیں گے۔ اس موقع پر انہوں نے نیسپاک کمپنی کے کنسلٹنٹ کو ہدایات کی کہ ڈویژنل کمپلیکس کی تعمیرات میں تمام محکموں کے ڈویژنل افسران کی ضرورت کے مطابق دفاتر قائم کرنے کے لیے موثر اقدامات کیے جائیں۔ اس موقع پر ڈی آئی جی مظہر نواز شیخ، ڈپٹی کمشنر بینظیر آباد ابرار احمد جعفر اور دیگر محکموں کے افسران نے ڈویژنل کمپلیکس کی تعمیر کے متعلق اپنی تجاویز دیں۔